پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات پرچیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ حیدرآباد کا دورہ کرکے حیدرآباد ڈویزن کے مسائل اور سرکاری سکیموں کی تکمیل کے حوالے سے ایک اجلاس منعقد کیااور ترقیاتی اسکیموں کا جائزہ لیا- اس موقع پر چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت ضلع حیدرآباد میں ترقیاتی سکیموں میں حائل رکاوٹوں اوردیگر مسائل حوالے سے ایک اجلاس شہباز ہال حیدرآباد میں منعقد ہوا –
اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ نے کہا کہ حیدرآباد کے ترقیاتی کاموں کے لیے ایک مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دی جائے جو تمام ترقیاتی امور سے متعلق رپورٹ پیش کرے گی،انہوں نے کہا کہ واسا کے نظام کوبہتر اوراحسن طریقے سے چلانے کے لیے ایک جامع پلان بنایاجائیگا، واسا کی ریکوری میں بہتری لائی جائے – چیف سکیریٹری نے کہا کہ واسا کے مسائل کو مستقل طور پر حل کرنے کے لیے جلد ایک اور اجلاس طلب کیاجائیگا اور کہا کہ ڈرینیج کے نظام کے کام کی ذاتی طور پر نگرانی کروں گا- انہوں نے واسا کے افسران کو ہدایت کی کہ آر او پلانٹس کو فعال کرکے پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے-انہوں نے کہا کہ بے نظیربھٹو فلائی اوور کی موجودہ حالت پر جلد از جلد اسسمنٹ رپورٹ پیش کی جائے کہ یہ فلائی اوور اب چلنے کے قابل ہے یا نہیں ہے-اجلاس میں کمشنر حیدرآبادبلال احمد میمن نے کہا کہ حالیہ مون سون بارشوں کے باعث شہر کی متعدد سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہیں جن کی تعمیر و مرمت کے لیے پوسٹ مون سون پیکج کی اشدضرورت ہے
ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن نے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ ٹنڈو جام-میرپور خاص بائی پاس روڈ کے حوالے سے لینڈ اکیوزیشن میں صرف تین دیہہ باقی رہتی ہیں اوربائی پاس پر جہاں پل بننے ہیں وہاں محکمہ ریلوے کو این او سی کے لیے تحریر کیا گیا ہے- انہوں نے مزید بتایا کہ عبدالستار ایدھی روڈ فیز-II کی تعمیر تجاوزات کی وجہ سے تاخیز کا شکار ہے جبکہ گزشتہ سروے مکمل طور پر غلط تھا اب ڈیجیٹل سروے کیا گیا ہے اور لینڈ ایکوزیشن کا کام ہر طرح سے مکمل ہے ،آٹو بھان روڈ کو 12 فٹ چوڑا کیا جا رہا ہے اوریہ کام ماہ دسمبر تک مکمل کرلیں گے -ڈپٹی کمشنر حیدرآباد نے بتایا کہ پبلک پارکس اور میدان کو از سر نو بحال کرنے کی ضرورت ہے جبکہ حیدرآباد میں 199 اے ڈی پی اسکیمز تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں. -اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری سید خالد حیدر شاہ، چیئرمین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سید نجم شاہ، سیکریٹری فنانس، میئر حیدرآباد کاشف شورو ، ڈپٹی میئر حیدرآباد صغیر قریشی و دیگر افسران بھی موجود تھے-