محکمہ بلدیات کا ویسٹ کولیکشن کے نئے ماڈل کے نفاذ کا فیصلہ،گھروں سے کوڑا براہ راست ڈمپنگ سائٹ پر منتقل کیا جائے گا، آغاز لاہور سے ہوگا

محکمہ بلدیات پنجاب نے صوبے میں ویسٹ کولیکشن کے نئے ماڈل کے نفاذ کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت گھروں سے کوڑا براہ راست ڈمپنگ سائٹ پر منتقل کیا جائے گا۔ اس فیصلے کی منظوری وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں ہونے والے ایک اجلاس میں دی گئی جس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں اور ایڈیشنل سیکرٹری ماریہ طارق بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں وزیراعلی مریم نواز کے ستھرا پنجاب پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا اور صوبائی دارالحکومت لاہور میں صفائی کے نئے ماڈل کے نفاذ کے لئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی نگرانی میں لاہور میں گھر گھر سے کوڑا جمع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محلوں میں کوڑے دان رکھنے کی بجائے ویسٹ براہ راست ڈمپر میں ڈالا جائیگا۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ ایل ڈبلیو ایم سی ہر گھر میں ویسٹ بن فراہم کرے گی۔ ہفتے میں دو بار وہی کوڑے دان ڈمپر میں خالی کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف نے جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگانے سے منع کیا ہے چنانچہ گھروں سے وصول کیا گیا کوڑا اب براہ راست ڈمپنگ سائٹ پر منتقل کیا جائے گا۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ نیا ماڈل پہلے مرحلے میں ایل ڈی اے کی ہائوسنگ سکیموں میں نافذ کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر نے ایل ڈبلیو ایم سی سے اس بارے میں ایک روز کے اندر پلان طلب کرتے ہوئے کہا کہ خالی پلاٹوں کو لاوارث سمجھ کر کوڑے کے ڈھیر لگائے جاتے ہیں۔ یہ کلچر اب ختم کریں گے۔ کسی جگہ گندگی جمع نہیں ہونی چاہیئے بلکہ مخصوص شیڈول کے مطابق کوڑا ساتھ ساتھ منتقل کیا جائے گا۔ اجلاس کے دوران صفائی آپریشن کی آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے ذریعے مانیٹرنگ کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعلی کے ویژن کے مطابق پنجاب بھر میں مرحلہ وار صفائی کا جدید نظام رائج کریں گے۔ انہوں نے سموگ سے نمٹنے کیلئے شہروں میں سڑکوں کی صفائی کی جاری مہم پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ گرد و غبار فضائی آلودگی پھیلنے کی بڑی وجہ ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے ایل ڈبلیو ایم سی کو پریذینٹیشن تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زور دیا کہ صفائی کے پرانے طریقہ کار کی جگہ موثر نظام متعارف کرانے کی طرف بڑھیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button