وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر واسا لاہور شہری سہولیات کی بہتری اور نکاسیِ آب کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ اسی سلسلے میں خیابانِ فردوسی، جوہر ٹاؤن میں ٹرنک سیور لائن کی تبدیلی کا منصوبہ تیزی سے تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا لاہور غفران احمد نے خیابانِ فردوسی کا دورہ کیا اور جاری ترقیاتی کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر (انجینئرنگ) عثمان بابر نے ایم ڈی واسا کو منصوبے کی پیش رفت، تکنیکی پہلوؤں اور تکمیلی مراحل سے متعلق جامع بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ منصوبے پر دن رات بلا تعطل کام جاری ہے تاکہ علاقے میں نکاسیِ آب کے نظام کو جدید اور دیرپا بنیادوں پر بہتر بنایا جا سکے۔ خیابانِ فردوسی پر تعمیراتی کام نیسپاک کی مسلسل تکنیکی نگرانی میں انجام دیا جا رہا ہے تاکہ معیار اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔

ایم ڈی واسا غفران احمد نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ خیابانِ فردوسی کے اس منصوبے میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تعمیراتی مقامات پر سیفٹی انتظامات کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام سیکیورٹی اور سیفٹی پروٹوکولز پر مکمل عملدرآمد کیا جائے۔ایم ڈی واسا نے مزید ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل مقررہ ٹائم لائن کے مطابق ہر صورت ممکن بنائی جائے تاکہ شہریوں کو جلد از جلد بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ دورے کے موقع پر ڈائریکٹر جوہر ٹاؤن محمد دانش، ایکسیئن جوہر ٹاؤن فیضان امتیاز اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔






