ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی زیر صدارت ریلوے اسٹیشن سے ملحقہ علاقوں میں ترقیاتی کاموں بارے اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ریلوے اسٹیشن سے ملحقہ 3 کلومیٹر ریڈیس کے علاقوں میں سسٹین ایبل ماڈل کے تحت ترقیاتی کاموں کے ڈیزائن کا جائزہ لیا گیا۔

ایل ڈی اے، ٹیپا اور نیسپاک ٹیموں نے مجوزہ ڈیزائن بارے بریفنگ دی۔سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ کے تحت ریلوے اسٹیشن کے اطراف ایریا کو مختلف زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر شہر کے اندرون علاقوں میں بھی سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ ماڈل کے تحت ترقیاتی کاموں کا پلان تیارکر لیا گیا ہے۔ ایل ڈی اے اور ٹیپا اپنے اپنے زونز میں سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ ماڈل کے تحت کام کریں گے۔ واک ویز، سولر لائٹس، انٹرنیٹ و دیگر انڈر گراؤنڈ وائرنگ، سٹرام واٹر ڈرینج اور دیگر کام کیے جائیں گے۔شہر کے اہم ترین اور مصروف ترین علاقے سے تجاوزات اور گندگی کا خاتمہ بھی کیا جائے گا۔ریلوے اسٹیشن کے اطراف تجاوزات ختم کرکے واک ویز اور پارکنگ ایریا ڈویلپ کیا جائے گا۔ ان علاقوں میں واکنگ سٹریٹ، فٹ پاتھ، اسفالٹ، ٹف ٹائلز سمیت سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ پر کام کیا جائے گا۔ ان علاقوں میں مصری شاہ، بادامی باغ، دو موریہ پل, ریلوے اسٹیشن, آزادی انٹرچینج اور سرکلر روڈ سے ملحقہ علاقے شامل ہیں۔مصری شاہ، ایک موریہ،دو موریہ پل سے منسلک علاقوں میں فساڈ میں بہتری، یونیفارم ڈویلپمنٹ کی جائے گی۔اجلاس میں داتا دربار، بھاٹی گیٹ اور موہنی روڈ کے اطراف کے ایریاز کا مجوزہ ڈیزائن بھی پیش کیا گیا۔اجلاس میں چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید، ڈائریکٹر انجینئرنگ، ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی، ٹیپا اور نیسپاک کے افسران نے شرکت کی۔






