تھگس، ضلع گانچھے، گلگت بلتستان میں رمدے یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے تقریب،وزیر اعظم شہباز شریف نے افتتاح کیا

وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے تھگس، ضلع گانچھے، گلگت بلتستان میں جسٹس ریٹائرڈ خلیل الرحمٰن رمدے کے زیرِ نگرانی خدمات انجام دینے والی رمدے فاؤنڈیشن کے تعاون سے رمدے یونیورسٹی کے قیام کے لیے وزیرِ اعظم آفس اسلام آباد میں اپنے دستِ مبارک سے افتتاح کیا۔ جس میں جسٹس ریٹائرڈ خلیل الرحمٰن رمدے، فلسطین، اعراق، اٹلی، شام کے سفراء، وفاقی وزراء، اعلیٰ بین الاقوامی اور قومی شخصیات سمیت صوبائی وزیرِ انفارمیشن ٹیکنالوجی گلگت بلتستان ثریّا زمان، چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا، سیکریٹری ڈیپارٹمنٹ آف ہائیر، ٹیکنیکل اینڈ اسپیشل ایجوکیشن گلگت بلتستان فرید احمد، سیکریٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن رحمان شاہ اور ماہرینِ تعلیم نے شرکت کی۔ جسٹس ریٹائرڈ خلیل الرحمٰن رمدے نے تقریب میں یونیورسٹی کی تعمیر و ترقی اور منصوبہ بندی کے حوالے سے تھری ڈی، نقشے اور تصاویر کے ذریعے تفصیلی بریفننگ دی اور 200 کنال زمین الاٹ کرنے اور اس ضمن میں ضروری کوائف کی تیاری میں بھر پور تعاون کرنے پر انہوں نے صوبائی حکومتِ گلگت بلتستان اور چیف سیکریٹری گلگت بلتستان ابرار احمد مرزا کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

گلگت بلتستان کی حکومت نے اس یونیورسٹی کے قیام کے لیے 200 کنال زمین تھگس گاؤں میں الاٹ کر دی ہے۔ یہ یونیورسٹی جسٹس ریٹائرڈ خلیل الرحمٰن رمدے کی ذاتی کاوشوں، رمدے فاؤنڈیشن کے ذریعے اکھٹے ہونے والے عطیات، تھگس کے عوام اور ٹھیکدار کے تعاون سے تعمیر کی جائے گی۔ مذکورہ یونیورسٹی کے تعمیر کا باقاعدہ آغاز مارچ 2025 میں ہو گا۔ جسٹس ریٹائرڈ خلیل الرحمٰن رمدے پہلے سے ہی تھگس گاؤں میں بچے اور بچیوں کو زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے سکول چلا رہے ہیں۔ اس سکول سے متاثر ہو کر علاقے کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں آسانی پیدا کرنے کے لیے انہوں نے اس یونیورسٹی کے قیام کا فیصلہ کیا۔

اس موقع پر جسٹس ریٹائرڈ خلیل الرحمٰن رمدے نے گلگت بلتستان کے وفد جس میں سیکریٹری فرید احمد بھی شامل تھے سے گفتگو کرتے ہوئے رمدے یونیورسٹی کے ویژن، سکوپ، تعمیر و ترقی، معیار اور اہمیّت و افادیت پر گفتگو کی۔ وفد کے اراکین نے جسٹس ریٹائرڈ خلیل الرحمٰن رمدے کے اس عِلم اور مُعلّم دوست اقدام کو صمیمِ قلب سے سراہا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button