سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں کی زیر صدارت لوکل گورنمنٹ بورڈ کے اجلاس کے دوران متعدد اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی ہے۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ رضوان نذیر،ڈائریکٹر فنانس لوکل گورنمنٹ بورڈ عبد الغفار وینس،محکمہ خزانہ، لاء،ریگولیشن کے نمائندگان نے شرکت کی۔
اس موقع پر سیکریٹری بورڈ رضوان نذیر نے اجلاس میں 11 نکاتی ایجنڈا پیش کیا۔اجلاس میں شکیل احمد میاں نے مختلف عہدوں پر بھرتیوں اور دیگر اہم اقدامات کی منظوری سمیت صوبائی سلیکشن کمیٹی اور بورڈ کے دسویں اجلاس کے منٹس کی توثیق بھی کی۔ تمام ایجنڈوں پر غور و فکر کے بعد بورڈ نے فیصلہ کیا کہ پنجاب پبلک سروس کمیشن کی سفارشات کی بناء پر ایڈ منسٹریٹیو یونٹ کے 23 اور انجینئرنگ یونٹ کے 27 امیدواروں کو آفر لیٹر جاری کیے جائیں جبکہ مزید بھرتیوں کے لیے فوری طور پر ریکوزیشن بھجوا دی جائے۔بورڈ نے ایڈمن کیڈر بی ایس 16 کے دو ملازمین کی کنٹریکٹ میں توسیع کا بھی فیصلہ کیا۔اس کے علاؤہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے محکمہ خزانہ کے نوٹیفیکیشن کی روشنی میں بورڈ کے ملازمین کے لیے ڈس ابیلیٹی الاؤنس اور اضافی چارج الاؤنس12سے 20ہزار تک بڑھانے کی بھی منظوری دی