39 فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں،ایسے مواقع پیدا کرنا چاہتے ہیں کہ نوجوان اپنی تعلیم پوری کرتے ہی ملازمت پر لگ جائیں،مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سکول جانے کی عمر کے 39 فیصد بچے سکولوں سے باہر ہیں، 39 فیصد آبادی تعلیم، ناقص صحت اور پست معیار زندگی کی وجہ سے انتہائی غربت کا شکار ہیں اس لیے حکومت نے انسانی اور سماجی ترقی پر سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے۔

وہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ایشیاتی ترقیاتی بینک کے انسانی اور سماجی ترقی کے شعبے کے وفد سے بات کر رہے تھے۔ وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ناصر حسین شاہ، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ اور وزیراعلیٰ کے سیکریٹری رحیم شیخ بھی ملاقات میں شریک تھے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد میں ڈائریکٹر محترمہ صوفیہ شکیل، ڈائریکٹر خرم امتیاز بٹ اور منصور مسعود شامل تھے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان کا ہیومن کیپیٹل انڈیکس ( ایچ سی آئی) 0.41 ہے، تعلیم اور صحت کی ناکافی سہولیات کے باعث بچوں کی پیداواری صلاحیت 41 فیصد تک محدود ہے۔

گفتگو کے دوران وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے انسانی اور سماجی ترقی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہماری آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ہم تعلیم، صحت اور تربیت کے ایسے پروگرام شروع کرنا چاہتے ہیں جس سے ملازمت کے مواقع پیدا ہوں۔

ملاقات کے دوران نرسنگ کی تعلیم کےلیے اسکالرشپس متعارف کرانے اور اس فیلڈ میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ پر بھی گفتگو کی گئی۔ مراد علی شاہ نے عالمی سطح پر نرسنگ میں ٹیکنالوجی کی ترقی پر روشنی ڈالتے ہوے کہا کہ ان کی حکومت کی خواہش ہے کہ اس شعبے کو پوسٹ گریجویٹ لیول تک لے جایا جائے۔ نرسنگ کے ساتھ منسلک ٹیکیشنز کو بھی اعلیٰ معیار کی تعلیم و تربیت کی ضرورت ہے۔

مراد علی شاہ نے ووکیشنل ٹریننگ کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ایشیائی ترقیاتی بینک پر زور دیا کہ وہ ایسے مواقع پیدا کرنے میں ہماری مدد کریں کہ نوجوان اپنی تعلیم پوری کرتے ہی ملازمت پر لگ جائیں۔

ملاقات میں امداد کی یادداشت کے مسودے پر بھی غور کیا گیا جس میں شعبہ تعلیم میں مشاورت، نئے تعلیمی بلاکس کی تعمیر، ٹیچر ٹریننگ اور سیلاب سے متاثرہ اسکولوں کی بحالی شامل ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ 120 نئے سیکنڈری اسکول زیر تعمیر ہیں، سیلاب سے متاثرہ اسکولوں اور ٹیچر ٹریننگ پروگرام کی تصدیق کے سروے جاری ہیں۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے غذائیت، پرائیویٹ پارٹنرشپ اور گورننس کی بہتری کےلیے سرمایہ کاری پر زور دیا۔ مراد علی شاہ نے ملاقات کے آخر میں نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور غربت میں کمی کےلیے تعلیم اور صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button