چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے متعلقہ افسران کے ہمراہ سرینا انٹرچینج منصوبے کا دورہ کیا. چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے سرینا انٹرچینج منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا جائزہ لیا. اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے کو منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے حوالے سے متعلقہ افسران نے بریفنگ دی.
بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ خیابان سہروردی پر سرینا انڈر پاس کی صفائی ستھرائی کا کام تیزی سے جاری ہے جبکہ سرینگر ہائی وے پر زیر تعمیر دونوں انڈر پاسسز کا سٹرکچرل ورک بھی تکمیلی مراحل میں داخل ہوچکا ہے اور منصوبے کے تمام حصوں پر بیک وقت تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ سرینا انٹرچینج انڈر پاس کے اطراف بیوٹیفکیشن اور ہارٹیکلچر کا کام تیزی سے کیا جائے اور سرینگر ہائی وے پر واقع دونوں انڈر پاسسز کا فنشنگ ورک مکمل کرکے رواں ماہ ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ منصوبے کے اطراف دیدہ زیب لینڈ سکیپنگ اور گرین بیلٹس پر شجرکاری کے کام کو بھی جلد از جلد مکمل کیا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نےمنصوبے پر 24/7 تعمیراتی سرگرمیاں جاری رکھ کر جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی. انہوں نے کہا کہ ہر حال میں تعمیراتی کاموں کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جائے اور ہدایت کی کہ کوالٹی کے معیار پر کسی بھی قسم کا سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف اسلام آباد شہر میں ٹریفک کے دیرینہ مسائل حل ہونگے بلکہ عوام کو سگنل فری اور بہتر سفری سہولیات، ماحولیاتی آلودگی میں کمی سمیت بلند معیار زندگی کی فراہمی کو یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی.






