وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ڈاکٹر شذرہ منصب علی نے پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (پی ایم ڈی ایف سی) کے دفتر کا دورہ کیا۔ ان کے استقبال کے لیے پی ایم ڈی ایف سی بورڈکے چیئرمین عماد افتخار، بورڈ ممبر قمر الزمان اور دیگر سینئر افسران موجود تھے۔ اس موقع پر وفاقی پارلیمانی سیکرٹری کو میونسپل سروسز کی فراہمی کے لیے جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

چیئرمین پی ایم ڈی ایف سی عماد افتخار اور جنرل منیجر انجینئرنگ عدنان نثار نے ڈاکٹر شذرہ کو پنجاب میں میونسپل ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ عماد افتخار نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر سیوریج اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر ترجیحی بنیادوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 78 شہروں میں سیوریج اور بارشی پانی کی نکاسی کے منصوبوں پر 400 ارب روپے کی لاگت سے کام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں سالڈ ویسٹ لینڈ فل سائٹ اور میٹیریل ریکوری فیسیلٹی کی تعمیر جاری ہے جو ان شہروں میں فضلہ کو مؤثر طریقے سے تلف کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔
چیئرمین نے پنجاب سٹیز پروگرام کے حوالے سے بھی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے سولہ شہروں میں 18 ارب روپے کی لاگت سے سیوریج اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔جبکہ اسی پروگرام کے تحت وہاڑی میں بتیس ملین روپے کی لاگت سے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب کا پروجیکٹ بھی زیر تکمیل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے دوسرے مرحلے میں مزید بیس شہروں کو شامل کیا جائے گا، جہاں سیوریج اور واٹر سپلائی کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
دوران بریفنگ عماد افتخار نے بتایا کہ ننکانہ صاحب میں سیوریج اور بارشی پانی کی نکاسی کے لیے منصوبہ بندی کا آغاز کیا جا چکا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر شذرہ منصب علی نے پی ایم ڈی ایف سی کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ننکانہ صاحب کی عالمی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے اسے ماڈل سٹی کے طور پر ڈویلپ کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ننکانہ صاحب میں سیوریج اور بارشی پانی کی نکاسی کے منصوبوں کو جلد از جلد عملی جامہ پہنایا جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔ڈاکٹر شذرہ نے کہا کہ ان منصوبوں کی بروقت تکمیل سے پنجاب کے شہریوں کو جدید سہولیات میسر آئیں گی اور یہ ترقیاتی اقدامات پاکستان کے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔میٹنگ کے اختتام پر معزز مہمانوں کو عماد افتخار چئیرمین بورڈ نے یادگاری سوینئرز بھی پیش کئے





