پنجاب کے 443 دیہات کو مثالی گاؤں بنایا جا رہا ہے، دسمبر کے وسط سے 224 دیہات میں ترقیاتی سکیموں پر کام شروع ہو جائے گا،وزیر بلدیات

وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ وزیراعلٰی مریم نواز شریف کی منظوری سے پنجاب کی 10 ڈویژنز کے 443 دیہات کو مثالی گاؤں بنایا جا رہا ہے۔ اگلے ماہ دسمبر کے وسط سے 224 دیہات میں ترقیاتی سکیموں پر کام شروع ہو جائے گا۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں وزیراعلی مریم نواز شریف کے ”مثالی گاؤں ” پروگرام میں پیشرفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ پنجاب رورل میونسپل سروسز کمپنی (پی آر ایم ایس سی) کے افسران نے بریفنگ دی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سرگودھا کے 36 اور ساہیوال ڈویژن کے 40 دیہات میں کام ہوگا۔ اسی طرح گوجرانوالہ 53 اور گجرات کے 46 دیہات کو ماڈل ویلیج بنائیں گے۔ ملتان کے 62 اور ڈی جی خان کے 36 گائوں بھی اس پروگرام میں شامل ہیں۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ مثالی گاؤں پروگرام کے تحت لاہور ڈویژن کے ضلع شیخوپورہ کے 46 دیہات میں جدید میونسپل سروسز مہیا کی جائیں گی جبکہ راولپنڈی 46، بہاولپور 47، فیصل آباد کے 31 گاؤں مثالی بنیں گے۔ پی آر ایم ایس سی کی زیرنگرانی پی سی ون اور ٹینڈرنگ کا عمل جاری ہے۔ ہر گائوں میں واٹر سپلائی، ڈرینج، ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔ذیشان رفیق نے کہا کہ مثالی دیہات میں چلڈرن پارک بنیں گے جبکہ گلیاں پختہ کی جائیں گی۔ دیہات میں چھپڑوں کے دم توڑتے روایتی کلچر کو بحال کرنا بھی پروگرام میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہات میں شہروں جیسی سہولیات پہنچانا وزیراعلٰی مریم نواز کا مشن ہے۔ صوبائی وزیر نے لاہور کی طرح دیہات میں سولنگ کیلئے خوشنما ٹائلز استعمال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے زور دیا کہ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے تجربہ کار ماہرین کی خدمات سے استفادہ کیا جائے۔ مقامی منتخب نمائندوں کی مشاورت کو بھی مدنظر رکھا جائے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ مثالی گاؤں پروگرام کا پہلا مرحلہ 10 ماہ میں مکمل اور 34 لاکھ آبادی کو فائدہ ہوگا۔ ڈرین کا ڈیزائن لائیوسٹاک ویسٹ کی صفائی سامنے رکھ کر بنایا گیا ہے تاکہ مویشیوں کے فضلے سے نالیاں بند نہ ہوں۔

جواب دیں

Back to top button