لاہور 5.6 ارب روپے کی لاگت سے 70 کلومیٹر طویل شاہراہوں کی تعمیر و بحالی مکمل کر لیا گیا،ملک صہیب احمد بھرتھ

صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور شہر میں مکمل ہونے والی شاہراہوں کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے افسران نے صوبائی وزیر کو مختلف منصوبوں کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ 5.6 ارب روپے کی لاگت سے لاہور کی 70 کلومیٹر طویل شاہراہوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبے مکمل کر لیے گئے ہیں۔ ان منصوبوں میں متعدد اہم سڑکوں کی ازسرِ نو تعمیر اور مرمت شامل ہے تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے بتایا کہ 1.9 ارب روپے کی لاگت سے16.10 کلومیٹر طویل مانگا تا رائے ونڈ شاہراہ کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ اسی طرح 11.4 کروڑ روپے کی لاگت سے 2.88 کلومیٹر رائے ونڈ تا جیابگا روڈ کی تعمیر مکمل کی گئی ہے۔مزید بتایا گیا کہ 15.5 کروڑ روپے کی لاگت سے 1.65 کلومیٹر رائے ونڈ تا سندر روڈ کی تعمیر مکمل کر لی گئی ہے جبکہ 85 کروڑ روپے کی لاگت سے 7.80 کلومیٹر طویل سوئے اصل تا رائے ونڈ پھاٹک سڑک کی تعمیر بھی مکمل ہو گئی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ 2 ارب روپے کی لاگت سے 10 کلومیٹر طویل لیک سٹی تا رائے ونڈ روڈ کی تعمیر مکمل کی گئی ہے، جبکہ 61 کروڑ روپے کی لاگت سے 31 کلومیٹر طویل دیگر شاہراہوں کی تعمیر و بحالی بھی مکمل کر لی گئی ہے۔ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں سڑکوں کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے تاکہ شہریوں کو معیاری سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

جواب دیں

Back to top button