وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی قیادت میں خیبر پختونخوا حکومت نے ڈیجیٹائزیشن کی جانب اور ایک اہم سنگ میل عبور کرلیا.

محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد، منصوبوں کی فنانشل منیجمنٹ اور دیگر متعلقہ امور کے لیے آن لائن سسٹم تیار کر لیا گیا۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کےاجلاس میں نئے آن لائن سسٹم بارے بریفنگ دی گئی۔ چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز و دیگر متعلقہ حکام شریک ہوئے۔آن لائن سسٹم ‘ پبلک ورکس منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم ‘ کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں سے جڑے تمام معاملات آن لائن ڈیل کیے جائیں گے۔ نئے سسٹم کے تحت سی ایم ہاؤس، تمام صوبائی محکموں اور اے اجی آفس میں ڈیش بورڈ قائم ہوگا، نئے آن لائن سسٹم سے ترقیاتی منصوبوں کے پی سی ونز پر من و عن عمل درآمد ، ترقیاتی منصوبوں کے لیے جاری کردہ فنڈز کا بروقت استعمال اور شفافیت یقینی ہوگی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ انسانی مداخلت کم سے کم، فیلڈ انجینیئرز کی پرفارمینس ایوالوایشن اور غلطیوں کی گنجائش کم ہو جائے گی۔ نئے سسٹم سے ترقیاتی کاموں کا معیار، محفوظ ریکارڈ اور معلومات کی بروقت دستیابی بھی یقینی ہوگی۔وزیر اعلٰی علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آن لائن پبلک ورکس منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا قیام ایک احسن اقدام ہے۔ صوبائی حکومت کرپشن کے خاتمے اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے سرکاری محکموں میں ڈیجیٹائزیشن پر زیادہ سے زیادہ توجہ دے رہی ہے۔ محکمہ سی اینڈ ڈبلیو میں پبلک ورکس منیجمنٹ انفارمیشن سسٹم کا قیام اس سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔ مستقبل میں دیگر تمام ورکس ڈیپارٹمنٹنس میں بھی اس طرح کا سسٹم متعارف کیا جائے گا۔






