کمشنر لاہور ڈویژن زید بن مقصود نے آر پی او شیخوپورہ رینج اطہر اسماعیل کے ہمراہ ضلع ننکانہ اور شیخوپورہ کا دورہ کیا۔ کمشنر لاہور ڈویژن، ضلعی انتظامیہ اور آر پی او شیخوپورہ رینج نے ضلع ننکانہ اور شیخوپورہ میں امن کمیٹیوں کے جید علماء اکرام و آئمہ عظام کے ساتھ ملاقات کی۔

کمشنر لاہور ڈویژن نے علماء و آئمہ کرام کو امن کا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ بین المسالک ہم آہنگی فروغ کیلئے علماء و آئمہ کا کردار روز روشن کیطرح نمایاں ہے، تمام مکاتب کے علماء کرام کا جذبہ امن لائق تحسین ہے، قیام امن اور مذہبی رواداری کا فروغ ہماری مشترکہ ذمہ داری ہے۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ عیدالاضحی اور محرم الحرام میں انتظامیہ، علماء اکرام ملکر امن وامان کو یقینی بنانے کیلئے روایت کو برقرار رکھیں گے۔ کمشنر لاہور ڈویژن نے کہا کہ محراب و منبر سے دیا جانے والا باہمی احترام کا پیغام ہی انتظامیہ کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی صفوں میں نفاق سے بچاو کیلئے کسی خبر کی انتظامیہ سے تصدیق کریں اور افواہوں کی بیخ کنی کریں۔ کمشنر لاہور نے عید الاضحیٰ صفائی انتظامات کے حوالے سے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے منبر و محراب سے عید قربان پر صفائی کیلئے انتظامی کاوشوں کا ساتھ دینے کا پیغام دیا جائے، انہوں نے کہا کہ عیدالاضحی کے موقع پر انتظامیہ کی طرف سے ہر ممکن سہولیات سروسز فراہم کی جائیں گی۔ کمشنر لاہور نے مزید کہا کہ عیدالاضحی مسلمانان عالم کیلئے خوشیوں کا مزہبی تہوار ہے، باہمی اتحاد سے اس کو دوبالا کریں گے۔ علماء اکرام و آئمہ عظام نے قیام امن کیلئے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرتے ہوئے کہا ہے کہ علماء و آئمہ اتحاد بین المسلمیں کے علمبردار ہیں، کسی فتنہ کو سر نہیں اٹھانے دیں گے۔آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل نے کہا ہے کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ علماء کرام سے براہ راست رابطہ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء اکرام و آئمہ عظام منبر و محراب سے قیام امن اور اتحاد کے قیام کا پیغام دیں، پولیس و انتظامیہ عیدالاضحی کے دوران قیام امن کے لئے پر عزم ہے، امن و امان اور باہمی یکجہتی پر کوئی آنچ نہیں آنے دینگے۔






