وزیر بلدیات ذیشان رفیق کا والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا دورہ،کامران لاشاری کی بریفنگ

وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق نے والڈ سٹی آف لاہور اتھارٹی کا دورہ کیا۔ ڈائریکٹر جنرل ڈبلیو سی ایل اے کامران لاشاری نے صوبائی وزیر کو اتھارٹی کے معاملات پر بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر ذیشان رفیق نے کہا کہ قدیم لاہور کے تاریخی ورثے کی حفاظت بہت ضروری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس قیمتی ثقافتی ورثے کو بیرونی دنیا سے متعارف کرانے کے لئے مشہور وی بلاگرز کو اندرون شہر کے تاریخی مقامات پر جانے کی دعوت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت والڈ سٹی اتھارٹی کے تحت لاہور کے تاریخی ورثے کی بحالی کے لئے چار پیکیج پر کام جاری ہے۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلی مریم نواز شریف نے والڈ سٹی اتھارٹی کو مزید فعال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ والڈ سٹی کے اندر اور دروازوں کے پاس تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور اس بات کا خاص خیال رکھا جائے کہ آثار قدیمہ کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ اتھارٹی اندرون شہر صفائی کا کام اچھے انداز میں کر رہی ہے۔ اندرون شہر میں غیر ضروری کھمبے اور تار ہٹائے جا رہے ہیں۔ وزیر بلدیات نے ڈی جی والڈ سٹی کو ملکی اور غیرملکی سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ قلعہ لاہور کی بحالی کا بڑا منصوبہ فرانسیسی ادارے اے ایف ڈی کی مدد سے ہو مکمل رہا ہے۔ تاریخی حضوری باغ کی تزئین و آرائش کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ڈی جی والڈ سٹی کامران لاشاری نے بتایا کہ مسجد وزیر خان کے آس پاس دکانوں کو متبادل جگہ دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قدیم لاہور کی بحالی کے لئے جو کام کیا وہ انٹرنیشنل ماڈل ہے۔ قدیم عمارتوں کو بحال کرنے کا کام مرحلہ وار کیا جا رہا ہے۔ کامران لاشاری نے کہا کہ عالمی سطح پر لاہور شہر کے قدیم ورثے کی حفاظت کے کام کو سراہا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button