وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے ملاقات کی۔ملاقات میں پنجاب میں ڈویلپمنٹ اورعوام کی فلاح و بہبود کے لئے ملکر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ملاقات کرنے والوں میں نور احمد،کیکو تاکاہاشی،البرٹوکارڈن بورجا،موشومی معروفی خان، یونگ یی اور احتشام خٹک شامل تھے۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے اے ڈی بی وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوا م کی فلاح و بہبود کا ہر شعبہ میری ترجیح ہے۔ ہیلتھ، ایجوکیشن،انفراسٹرکچر اور انفارمیشن ٹیکنالوجی پر کام تیزی سے جاری ہے۔ نر خ کا استحکام اور مہنگائی پر کنٹرول کے لئے بھی کام کررہے ہیں۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ شہباز شریف بطور وزیر اعلیٰ پنجاب کو ترقی کی بلندیوں پر لے گئے،مگر گزشتہ دور ڈویلپمنٹ کے لحاظ سے قابل بیان نہیں۔اقتدار سنبھالنے کے بعد محسوس ہوا کہ ہم عوام کی ضروریات کے بنیادی امور میں بھی بہت پیچھے ہیں۔ بیشتر شہروں میں ویسٹ مینجمنٹ سسٹم اور لینڈ فل سائٹ موجود نہیں، بعض شہروں میں جزوی طور پر کام کررہا ہے۔ پنجاب کی بہت بڑی آبادیوں کے لئے سیوریج سسٹم لانا بہت بڑا چیلنج ہے۔ہر شہر کے لئے پائیدار اور موثر ویسٹ مینجمنٹ سسٹم لانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہروں اور دیہات میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی، سیوریج اور ڈرینج کا پائیدار نظام وضع کیا جارہا ہے۔ فلٹریشن پلانٹ سے متعلق امور کو ایک ہی محکمے کے سپر دکیا جارہا ہے۔صوبے بھر میں سڑکوں کی تعمیر ومرمت اور بحالی پر توجہ دی جارہی ہے۔ پبلک سیکٹر ایجوکیشن سسٹم کوری سٹرکچرنگ کرکے بہترین بنانے چاہتے ہیں۔ سکولوں کی پرفارمنس کے لحاظ سے کیٹگری کررہے ہیں۔ ٹیچر ٹریننگ اور انرولمنٹ پراجیکٹ لارہے ہیں۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ عوام کے مفادات کے تحت فلاح و بہبود کاہر اقدام کرنا چاہتی ہوں۔ فیلڈ ہسپتالوں میں 15ہزار تک مریض روزانہ مستفید ہورہے ہیں۔ مہلک امراض میں مبتلا 2لاکھ مریضوں کو ان کی دہلیز پر فری میڈیسن پہنچا رہے ہیں۔ سابق دور میں فری میڈیسن کو ظالمانہ طور پر بند کر دیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ ہیلتھ انفراسٹرکچر کو تبدیل کررہے ہیں، ہسپتالوں اور مراکز صحت کی ری ویمپنگ ہورہی ہے۔ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں کی
کمی پوری کریں گے۔پنڈی کے ہولی فیملی ہسپتال میں اچھے انتظامات دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔ اضلاع میں پہلی مرتبہ کارڈیالوجی اور پیڈز کے علاج کی سہولت لارہے ہیں۔ ہر ضلع میں علاج کی کافی سہولتیں دیں گے تاکہ کسی مریض کو دوسرے شہر نہ جانا پڑے۔ کارڈیالوجی وغیر ہ کے عام مریضوں کی ایمرجنسی منتقلی کے لئے ایئر ایمبولینس سروس لاجارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو سکل ڈویلپمنٹ کے لئے ٹیوٹا میں آئی ٹی کورسز کرائے جارہے ہیں۔ پاکستان کے پہلے آئی ٹی سٹی میں چین سمیت دیگر ممالک کی کمپنیاں دلچسپی کا اظہار کررہی ہیں۔نواز شریف آئی ٹی سٹی 10سال کے لئے ٹیکس فری کررہے ہیں۔ 5سال میں دیگر شہروں میں ہنگامی بنیادوں پر آئی ٹی سٹی بنائیں گے۔ شرمپ فارمنگ پر کام جاری ہے، کسانوں کے لئے جامع کسان کارڈ لارہے ہیں۔ سولر انرجی سے مستفید ہونے کے لئے پراجیکٹ جاری ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ کلین انرجی پر پوری توجہ ہے، بچیوں کے لئے الیکٹراک بائیک لارہے ہیں۔ پنجاب میں لو کاسٹ ہاؤسنگ سکیم کے تحت عام آدمی کواپنی چھت میسر ہوگی۔ سپیشل افراد کے لئے خصوصی کارڈ جاری کیے جائیں گے۔ ریونیور جنریشن پر پوری توجہ ہے، ٹیکس نہیں ٹیکس نیٹ ورک کوبڑھائیں گے۔ 13کروڑ عوام کی فلاح و بہبود کے لئے بہت بڑا بجٹ چاہیے۔ عورت معاشرے کا محض حصہ نہیں بلکہ پورے معاشرے کے مترادف ہے۔دنیا کے پہلے ورچوئل وویمن پولیس سٹیشن سے پانچ ہزار شکایات کا ازالہ کرچکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ بننا آسان نہیں تھا بلکہ چکی پیسنے کی مشقت کے مترادف تھا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کے محروم طبقات کا برے حالات سے گزرنا،میرے لیے بہت تکلیف دہ ہے۔عوام کی خدمت کرنا پسند ہے، ہرشام خوشی سے سرشار گھر جاتی ہوں۔ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی نمائندہ برائے جاپان کیکوتاکاہاشی نے کہا کہ پنجاب کو ترقی کے سفر میں بھرپور سپورٹ کررہے ہیں۔پاکستان کو خوشحال دیکھنا اچھا لگے گا۔ترقی اور خوشحالی کے سفر میں پنجاب کے پارٹنر بننا چاہتے ہیں۔ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی نمائندہ برائے امریکہ کی موشومی معروفی خان نے کہا کہ پنجاب کو دیکھنے کا اشتیاق تھا، سیکورٹی اور دیگر انتظامات دیکھ کو خوشی ہوئی۔ مریم نوازشریف کو وزیر اعلیٰ دیکھ کر پنجاب میں حقیقی تبدیلی کا خوشگوار حساس ہوا۔ عورت کی حیثیت سے مریم نوازشریف عوام کے مسائل کو بہتر طریقے سے سمجھ اور حل کرسکتی ہیں۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال، سیکرٹری پی اینڈ ڈی ڈاکٹر آصف طفیل موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ایئر ایمبولینس سروس جلد شروع کرنے کا حکم دیا ہے اور اس ضمن میں جون تک کی ڈیڈ لائن مقررکر دی ہے۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سی پی آر ٹریننگ پروگرام شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے طلبہ کے لئے سی پی آر ٹریننگ پروگرام شروع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ دوردراز علاقوں میں ہنگامی صورتحال میں مریض شفٹ کرنے کے لئے ایئر ایمبولینس سروس استعمال ہوگی۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا جس میں ایئر ایمبولینس اور ایمرجنسی سروسز سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کو ہارٹ ا ٹیک کی فرسٹ ایڈ ٹریننگ دی جائے گی۔ایئر ایمبولینس سروس کے لئے موک ایکسرسائز کا مرحلہ مکمل ہوگیا۔ ایئر ایمبولینس سروس کے لئے ڈاکٹر اور سٹاف کی ٹریننگ جاری ہے۔ سیکرٹری ایمرجنسی سروسز رضوان نصیر نے ایئر ایمبولینس سروس اور سی پی آر ٹریننگ پر بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن خواجہ سلمان رفیق، ڈاکٹر عدنان خان، سیکرٹری فنانس مجاہد شیر دل، پرنسپل سیکرٹری ساجد ظفر ڈال، سیکرٹری ایمپلی منٹیشن دانش افضال اور دیگر موجود تھے۔