حکومت پنجاب کے وژن کی روشنی میں واسا لاہور متحرک، لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ اجلاس

حکومت پنجاب کے وژن اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے ترقیاتی ایجنڈے کی روشنی میں واسا لاہور شہر کی تعمیر و ترقی کے لیے سرگرم عمل ہے۔ اس سلسلے میں ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد کی زیر صدارت لاہور ڈیویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام ڈائریکٹر آپریشنز اور ایکسیئنز نے ویبنار کے ذریعے شرکت کی۔اجلاس کے دوران تمام ٹاؤن ڈائریکٹرز نے ایم ڈی واسا کو لاہور ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔

ایم ڈی واسا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ لاہور ڈیویلپمنٹ پروگرام وزیر اعلیٰ پنجاب کے خوابوں کی تعبیر ہے، جس کی تکمیل میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کارکردگی نہ دکھانے والے افسران پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ غیر سنجیدگی اور سستی کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ایم ڈی واسا نے ہدایات دیں کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں اور منصوبوں کی سائیٹس پر مکمل حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ مزدوروں اور شہریوں کی جان و مال کا تحفظ ہو۔علاوہ ازیں فیلڈ اسٹاف کی کارکردگی کی مؤثر نگرانی کی جائے اور ہر سطح پر جوابدہی کو یقینی بنایا جائے۔ ایم ڈی واسا نے واضح کیا کہ جاری منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے اور کوالٹی کنٹرول پر خصوصی توجہ دی جائے اور مزید برآں عوامی شکایات کا فوری اور مؤثر ازالہ کیا جائے۔ایم ڈی واسا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ واسا لاہور شہریوں کو صاف پانی، نکاسی آب اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لیے دن رات کوشاں ہے اور عوامی خدمت ادارے کی اولین ترجیح ہے۔

جواب دیں

Back to top button