وزیر ہاؤسنگ اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلال یاسین کی زیر صدارت صاف پانی اتھارٹی کی کارکردگی بارے اجلاس منعقد ہوا

سیکرٹری ہاؤسنگ کیپٹن (ر) اسداللہ خان اور سی ای او صاف پانی اتھارٹی سید زاہد عزیز نے محکمانہ امور بارے بریفنگ دی،صاف پانی اتھارٹی پنجاب بھر کے 5 ہزار سے زائد فلٹریشن پلانٹس کی فعالیت پر کام کر رہی ہے، بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ 1700 سے زائد غیر فعال فلٹریشن پلانٹس کو فعال کرنے پر کام کیا جارہا ہے۔منقطع کنکشنز کی بحالی، سول سٹرکچر کی بہتری اور فلٹریشن پلانٹس کی تبدیلی سمیت دیگر انتظامات بارے آگاہ کیا گیا۔وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے کہا کہ موسم گرما میں پانی کی طلب بڑھنے کے پیش نظر فلٹریشن پلانٹس کی بحالی پر فوری اقدامات کیے جائیں۔ابتدائی مرحلے میں زیادہ آبادی والے علاقوں میں پلانٹس کی مکمل فعالیت جلد یقینی بنائی جائے ،سی ای او صاف پانی اتھارٹی کو ہدایت جاری کیں۔بلال یاسین نے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر تمام فلٹریشن پلانٹس میں پانی کے معیار اور دیگر انتظامات کی نگرانی تیز کی جائے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر ضلعی سطح پر مزید فلٹریشن پلانٹس کی تعمیر بارے رپورٹ مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ بھر میں پانی کے ذائقے اور معیار کی مناسبت سے جلد اور دیرپا پراجیکٹس بارے جامع پلان مرتب کیا جائے۔پنجاب کے طول و عرض میں پینے کے صاف پانی کی سہولت کیلئے متبادل ٹیکنالوجیز اور انٹرنیشنل آرگنائزیشنز سے کوآرڈی نیشن میں تیزی لائی جائے۔سی ای او صاف پانی کمپنی زاہد عزیز نے بتایا کہ عالمی اداروں کی معاونت سے پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کے نئے پراجیکٹس پر بھی کام کیا جارہا ہے۔






