الیکشن کمیشن کی ہدایت پر اہم اجلاس، گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات سے قبل حلقہ بندیوں کا جائزہ

چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجہ شہباز خان کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی الیکشن کمشنر، الیکشن کمیشن گلگت بلتستان محمد علی کی زیر صدارت بلتستان ڈویژن میں حلقہ بندی اور مجوزہ بلاکوں کی تقسیم سے متعلق ایک اہم اجلاس کمشنر بلتستان ڈویژن کے دفتر میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنرز (DCs)، کنوینر ڈی لیمیٹیشن کمیٹیز (CDCs)، ڈپٹی ڈائریکٹرز (DDs)/،اسسٹنٹ کمشنرز (ACs) اور اسسٹنٹ الیکشن کمشنر الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے شرکت کی۔اجلاس میں مختلف اضلاع کے حلقہ بندی کے عمل پر تفصیلی گفتگو اور اہم فیصلے کیے گئے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سکردو نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ گمبہ سکردو کو میونسپل کمیٹی کا درجہ دیا جا چکا ہے، لہٰذا اس کی حد بندی اسی حیثیت سے کی جائے گی۔ نیا یونین کونسل "نر UC” بھی قائم کیا گیا ہے، جسے نوٹیفکیشن میں شامل کیا جائے گا۔ گمبہ سکردو کی نئی میونسپل حیثیت کے بعد حلقہ بندی کا عمل ازسرِ نو مکمل کیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر سکردو نے ضلع کے نقشے کی کاپی فراہم کرنے کی درخواست بھی کی۔ ضلع سکردو میں 59 بلاکس کی تقسیم کی تجویز دی گئی، جن میں سے 34 بلاکس کی تقسیم مکمل ہوچکی ہے جبکہ باقی زیرِ عمل ہیں۔

ڈی سی گانچھے نے آگاہ کیا کہ حلقہ بندی کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد سے حلقہ بندی کے مسائل حل کیے جا سکتے ہیں۔ اس وقت کوئی بھی کیس زیرِ التوا نہیں ہے۔ 5 بلاکس کی تقسیم ہو چکی ہے اور باقی بلاکس پر کام جاری ہے۔ نقشے کی فراہمی کی بھی درخواست کی گئی۔ممبر-2 حلقہ بندی کمیٹی شگر نے بتایا کہ 28 بلاکس کی تقسیم کی درخواست دی گئی تھی جن میں سے 12 پر عملدرآمد ہو چکا ہے اور باقی زیرِ کارروائی ہیں۔ انہوں نے بھی ضلع شگر کے نقشے کی کاپی فراہم کرنے کی درخواست کی۔ضلع کھرمنگ سے متعلق اجلاس کو بتایا گیا کہ یہاں صرف ایک بلاک کو تقسیم کرنے کی درخواست دی گئی جو مہدی آباد سے متعلق ہے۔ یہ کیس زیرِ عمل ہے اور جلد ہی کنوینر کو بھیج دیا جائے گا۔ ابتدائی حلقہ بندی فہرست کا بھی جائزہ لینے اور ضروری بلاک کوڈز کی تقسیم کی سفارش کی گئی۔اجلاس کے اختتام پر ڈپٹی الیکشن کمشنر، الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نے یقین دہانی کرائی کہ بلتستان ڈویژن میں بلدیاتی حلقہ بندی سے متعلق تمام معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ انہوں نے معزز چیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان کی جانب سے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس بلتستان ڈویژن میں شفاف اور منصفانہ بلدیاتی انتخابات کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

جواب دیں

Back to top button