وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے لیاری کی 19 سالہ باکسنگ چیمپئن عالیہ سومرو کی ملاقات،10 لاکھ روپے نقد انعام

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے لیاری کی 19 سالہ باکسنگ چیمپئن عالیہ سومرو سے ملاقات کی، انہیں 10 لاکھ روپے نقد انعام دیا اور حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی جس میں ضرورت پڑنے پر پیشہ ور کوچ فراہم کرنے کی سہولت بھی شامل ہے۔یہ ملاقات وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوئی جس میں صوبائی وزیر علی حسن زرداری، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف اور ارکان صوبائی اسمبلی شازیہ کریم اور محمد یوسف نے شرکت کی۔

عالیہ سومرو نے حال ہی میں تاریخ رقم کرتے ہوئے عالمی باکسنگ ٹائٹل جیتنے والی پہلی پاکستانی خاتون ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ اس وقت وہ تھائی لینڈ میں تربیت حاصل کر رہی ہیں اور دو ماہ بعد دبئی میں ایک بھارتی باکسر کے خلاف مقابلہ کریں گی۔وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے عالیہ کی اس کامیابی کو سراہتے ہوئے انہیں ایشین گیمز کی تیاری شروع کرنے کی ہدایت دی اور مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ محنت کرو؛ سندھ حکومت تمہارے ساتھ ہے۔

جواب دیں

Back to top button