وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کی زیر صدارت اجلاس، فیڈرل پی ایس ڈی پی اور اے ڈی پی کے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

گلگت۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے فیڈرل پی ایس ڈی پی اور اے ڈی پی کے ترقیاتی منصوبوں کے جائزہ اجلاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ ترقیاتی منصوبوں کی معیار اور رفتار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا۔

پسماندہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ ان منصوبوں کے ثمرات عوام تک پہنچے اور دور دراز علاقوں میں بھی عوام کو بہتر سہولیات میسرآسکیں۔ وزیر اعلیٰ نے پی ایس ڈی پی منصوبوں کو بھی مقررہ مدت میں مکمل کرنے کیلئے متعلقہ پروجیکٹ ڈائریکٹرز کو ہدایت کی کہ پی ایس ڈی پی منصوبوں پر جاری کام میں تیزی لائی جائے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے سیکریٹری مواصلات و تعمیرات عامہ کو ہدایت کی کہ پی ایس ڈی پی کے جو منصوبے متعلقہ فورم سے منظور ہوئے ہیں ان کے جلد ٹینڈرز مکمل کرکے ان منصوبوں پر کام شروع کرایا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس سمیت متعلقہ محکموں کے سربراہان کیلئے دفاتر کے قیام کیلئے خصوصی منصوبہ آئندہ اے ڈی پی میں شامل کیا جائے۔ گلگت شہر میں سیوریج منصوبے کی سست روی کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ سیوریج منصوبے پر جاری کام میں تیزی لائی جائے اور اس بات کو یقینی بنائی جائے کہ اس منصوبے کی تعمیر کے دوران عوام کو مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس موقع پر صوبائی سیکریٹری مواصلات و تعمیرات عامہ اور پی ایس ڈی پی منصوبوں کے پروجیکٹ ڈائریکٹرز نے وزیر اعلیٰ کو اے ڈی پی اور پی ایس ڈی پی منصوبوں کے حوالے تفصیلی بریفنگ دی۔

جواب دیں

Back to top button