ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ و گجرات نوید احمد نے ضلعی افسران کے ساتھ اہم ملاقات کی جس میں مختلف ترقیاتی، انتظامی اور صفائی کے امور کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خضر حیات بھٹی، اسسٹنٹ کمشنر گجرات بلال زبیر، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ جہانگیر شبیر بٹ، پرسنل اسٹاف آفیسر دانش مرزا اور ایس این اے اسد مصباح موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نوید احمد کو ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں، صفائی ستھرائی کے اقدامات اور شہری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی مفاد کے تمام منصوبوں کو بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کیا جائے اور شہریوں کو سہولیات کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے تمام افسران پر زور دیا کہ وہ ٹیم ورک کے ساتھ کام کریں، فیلڈ میں موجود رہیں اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا ہر قدم عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ہے اور تمام افسران کو ایمانداری، دیانتداری اور مستعدی سے اپنے فرائض سر انجام دینا ہوں گے۔






