کمشنر لاہور مریم خان کی زیر صدارت "محفوظ بسنت“ 6 تا 8 فروری 2026 کے حوالے سے کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز اور ضلعی انتظامیہ کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز نے کاروبار فروغ کے لئے تجاویز پیش کیں۔کمشنر لاہور مریم خان نے کہا ہے کہ ایسوسی ایشنز کی کاروبار فروغ تجاویز اہم ہیں لیکن شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے بسنت کو محفوظ فیسٹیول بنانے کیلئے مینوفیکچرز، ٹریڈرز کو قانونی تحفظ دیا ہے، پتنگوں و ڈور کی فروخت کی اجازت 1 فروری تا 8فروری ہوگی۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ کائٹ فلائنگ تنظیمیں قوانین خلاف ورزی کرنے والوں کی نشاندہی کریں اور بسنت فیسٹیول کو محفوظ بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں، کیمیکل ڈور اور دھاتی ڈور کے خلاف سخت ترین کریک ڈاون جاری اور زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ والڈ سٹی، پبلک سیفٹی اور لیسکو کی ٹیمز فیلڈ میں متحرک ہوکر سیفٹی اقدامات کررہی ہیں، شہر کے ریڈ، ییلو اور گرین زون میں سیفٹی، سکیورٹی اور فری رائیڈ اقدامات پر عملدرآمد جاری ہے۔
کمشنر لاہور نے کہا کہ بسنت کے دوران شہر میں شہریوں کے تحفظ اقدام کے طور پر فری رائیڈ مہیا کیے جارہے ہیں، شہر میں روڈ سیفٹی کیمپس سے موٹر بائیکس کیلئے فری سیفٹی راڈز کی تقسیم جاری ہے، بسنت کے دوران تمام محکمے ضلعی انتظامیہ و پولیس کے معاون کار ہونگے، تمام محکمے راونڈ دی کلاک ڈیوٹی پر اور ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہونگی، بسنت سے پہلے ایل ڈبلیو ایم سی خصوصی صفائی مہم شروع کرے جو بسنت کے اختتام تک جارے رہے گی۔کمشنر لاہور نے مزید کہا کہ صرف لاہور ضلع کی حدود میں تین روزہ ”محفوظ بسنت“6,7,8 فروری 2026, ہوگی، 6فروری 2026 سے پہلے ضلع لاہور میں پتنگ بازی کی قطعا اجازت نہیں جبکہ لاہور میں اس وقت پتنگ بازی پرمکمل پابندی ہے۔ کمشنر لاہور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کائٹ فلائنگ آرڈینینس 2025کے تحت موٹرسائیکل سوار سیفٹی وائرز/راڈز لگانے کے پابند ہیں، شہری بسنت کو محفوظ بنانے کیلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔اجلاس میں سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید، ڈی سی لاہور کیپٹن ر علی اعجاز، ایس پی سکیورٹی محمد توحید، ڈائریکٹر جاوید چوہان، اے ڈی سی جی زخرف فدا سمیت کائٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز و دیگر متعلقہ محکموں نے شرکت کی۔






