ڈی سی لاہور کا تحصیل صدر کا علی الصبح دورہ، صفائی، سیوریج اور دیگر انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ‘کلین لاہور مشن’ کے وژن کو حقیقت میں بدلنے کے لیے ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ نے مربوط اور عملی کوششوں کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے آج علی الصبح تحصیل صدر کا غیر اعلانیہ دورہ کیا،

جہاں انہوں نے صفائی ستھرائی، سیوریج کے نظام، تجاوزات اور دیگر انتظامی امور کا خود جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور شاہد عباس کاٹھیہ، اسسٹنٹ کمشنر صدر سدیہ ڈوگر اور ایل ڈبلیو ایم سی و واسا کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے مہر ٹاؤن نالے اور اس کے اطراف میں صفائی کی صورتحال کا تفصیلی معائنہ کیا اور بعض مقامات پر ناقص انتظامات اور سیوریج کے مسائل پر برہمی کا اظہار کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر صدر نے ڈپٹی کمشنر کو علاقے میں صفائی، سیوریج کے نظام، انسدادِ تجاوزات مہم اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے موقع پر واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ‘کلین لاہور مشن’ کی کامیابی میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کے حکام کو حکم دیا کہ گھر گھر سے کوڑا اٹھانے کی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام علاقوں سے روزانہ کی بنیاد پر کوڑا اٹھا کر اسے فوری طور پر ڈمپنگ سائٹ پر منتقل کیا جائے۔ انہوں نے کوڑے کے ڈھیروں کو آگ لگانے کے واقعات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی کہ ایسے غیر قانونی اور ماحول دشمن عمل میں ملوث افراد کے خلاف بلا امتیاز سخت ترین کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ڈی سی لاہور نے مزید کہا کہ کوڑے کو آگ لگانا نہ صرف قانوناً جرم ہے بلکہ یہ اسموگ اور فضائی آلودگی کا باعث بن کر شہریوں کی صحت کے لیے سنگین خطرات پیدا کرتا ہے۔ واسا حکام کو ہدایت جاری کی کہ سیوریج کے مسائل کا فوری اور پائیدار حل نکالا جائے اور شہریوں کو اس اذیت سے مستقل بنیادوں پر نجات دلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ گلیوں اور سڑکوں پر سیوریج کا پانی کھڑا ہونا ناقابلِ قبول ہے اور اس سے نہ صرف آمدورفت میں خلل پڑتا ہے بلکہ وبائی امراض پھیلنے کا بھی خدشہ ہوتا ہے۔ ڈپٹی کمشنر سید موسیٰ رضا نے زور دیا کہ شہریوں کو ایک صاف، صحت مند اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھانی ہوں گی۔

جواب دیں

Back to top button