ستھرا پنجاب ویژن کے تحت لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین کی ہدایت پر محرم الحرام میں مجالس اور جلوس کے پیشِ نظرشہر میں صفائی کا جامع پلان مرتب کر کے عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔

زائرین کو صاف ماحول کی فراہمی کے لیے عاشورہ سے قبل 120 بڑی امام بارگاہوں کی خصوصی صفائی دھلائی مکمل کی جائے گی جبکہ محرم الحرام کے پورے مہینے اور خصوصاً پہلے 10 ایام میں صفائی کے خصوصی انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی کا محرم الحرام صفائی پلان کے حوالے سے کہنا ہے کہ شہر بھر میں ہونے والی مجالس، امام بارگاہوں اور جلوس کے روٹس پر خصوصی صفائی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے 900 سے زائد عملہ اور مشینری تین شفٹوں میں تعینات کر دی گئی ہے۔سینٹرل کنٹرول روم سے محرم الحرام گرینڈ صفائی آپریشن کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ شہر بھر میں قائم امام بارگاہوں کی روزانہ کی بنیاد پر صفائی ستھرائی کرنے کے لیے عملہ ڈیوٹی پر موجود ہے۔ جلوس کے روٹس پر موجود کنٹینرز کی کلیئرنس بھی بر وقت یقینی بنائی جا رہی ہے۔ محرم الحرام میں جلوسوں کے راستوں کی صفائی کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ مزید برآں تمام ٹاؤن مینجرز ورکرز کی فیلڈ میں 100 فی صد حاضری کو یقینی بنارہے ہیں۔ زائرین سے بھی گزارش ہے کہ ایل ڈبلیو ایم سی ٹیموں کا ساتھ دیں، کسی بھی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 1139 پر رابطہ کریں یا سوشل میڈیا کا استعمال کریں






