اسلام آباد: چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت منگل کے روز سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی کا 74 واں اجلاس منعقد ہوا. اجلاس میں پلاننگ، ڈویلپمنٹ، اسپیشل انیشیٹوز ڈویژن، وزارت داخلہ، فنانس ڈویژن کے متعلقہ افسران، سی ڈی اے بورڈ ممبران اور متعلقہ شعبوں کے افسران نے شرکت کی.

سی ڈی اے ڈی ڈبلیو پی کے 74 ویں اجلاس میں "ماڈل جیل H-16 اسلام آباد کیلئے پانی کی فراہمی کے نیٹ ورک کی تنصیب” کے لیے 248.989 ملین روپے کا پی سی ون منظور کیا. اس منصوبے کا مقصد ماڈل جیل اور جناح میڈیکل کمپلیکس، سیکٹر H-16 کو پینے کے پانی کی فراہمی ہے.اجلاس میں "اسلام آباد واٹر” (پانی اور سیوریج یوٹیلٹی) کے لیے ایڈوائزری سروسز حاصل کرنے کے لیے 11.00 ملین روپے کا منصوبے کا پی سی ٹو منظور کیا گیا.وفاقی کابینہ نے اکتوبر 2024 میں اسلام آباد واٹر کے قیام کی منظوری دی تھی. اس ضمن میں سی ڈی اے کو ایک سال کے عبوری دورانیے کے دوران اسلام آباد واٹر کو مستحکم کرنے کے لئے تیکنیکی معاونت کی ضرورت ہے اور اسی تناظر میں اس منصوبے کی پی سی-ٹو کی منظوری دی گئی.






