وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی جانب سے “سُتھرا پنجاب” کی تعریف پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلٰی مریم نواز کے صفائی کے ویژن کا ملکی اور عالمی سطح پر سراہے جانا ہم سب کے لئے اعزاز کی بات ہے۔ وزیراعظم کی تعریف سے سُتھرا پنجاب کی پوری ٹیم کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں پنجاب کی ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے سی ای اوز کے اجلاس میں اظہار خیال کر رہے تھے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سپیشل سیکرٹری ارشد بیگ، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی نے بھی شرکت کی جبکہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) کے سی ای او بابر صاحب دین نے اجلاس کو سُتھرا پنجاب فیز ٹو پر بریفنگ دی۔

وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ بین الاقوامی شہرت کے حامل جریدے فوربز کی طرف سے پنجاب میں صفائی کے انقلاب پر لکھنے سے ہمارے سَر فخر سے بلند ہوگئے ہیں۔ جریدے کی رپورٹ میں پنجاب کی تعریف سے دراصل پاکستان کی دنیا بھر میں نیک نامی میں اضافہ ہوا ہے۔ اس سے پہلے امریکی کانگریس اور برازیل میں حالیہ عالمی کانفرنس کوپ تھرٹی کے کئی مندوبین بھی سُتھرا پنجاب کی تعریف کرچکے ہیں۔ ذیشان رفیق نے کہا کہ اللہ تعالی کے فضل سے سُتھرا پنجاب دنیا کا ایک چھتری تلے سب سے بڑا صفائی کا نظام بن چکا ہے۔ اب وزیراعلی مریم نواز شریف کی زیرنگرانی اگلے مرحلے ”ویسٹ ٹو ویلیو” پر کام شروع ہوگیا ہے۔ اس کے لئے ہم پنجاب بھر میں روزانہ 50 ہزار ٹن جمع ہونے والے ویسٹ کو بروئے کار لائیں گے۔ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کرنا مریم نواز حکومت کا طرہ امتیاز ہے۔ وزیر بلدیات نے تمام سی ای اوز کو ڈمپنگ سائٹس پر کوڑے کی چھانٹی کیلئے اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے زور دیا کہ کوڑے کی مناسب سیگری گیشن کے ساتھ ہی ویسٹ ٹو ویلیو فیز کے اہداف کے حصول میں آسانی ہوگی۔
اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں نے تمام سی ای اوز سے ویسٹ کی سیگری گیشن سے متعقل تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ سُتھرا پنجاب کے پہلے مرحلے کے چیلنجز سے سیکھ کر آگے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اچھے ٹیم ورک کے نتائج پہلے ہی ہمارے سامنے ہیں۔ اب زیادہ محنت اور عزم کے ساتھ عوام کی سہولت کے لئے کام کرنا ہوگا۔






