وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کا کوہاٹی گیٹ، پشاور میں قائم سپریم کمانڈ پوسٹ کا دورہ کیا ۔ وزیراعلٰی نے دسویں محرم کے لئے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

متعلقہ حکام کی طرف سے محرم الحرام کی سکیورٹی کے علاوہ، مجالس اور جلوس والے مقامات پر صفائی ستھرائی، بجلی کی بلاتعطل فراہمی سمیت دیگر امور پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ سپریم کمانڈ پوسٹ مرکزی کنٹرول روم ہے جو یکم محرم سے دن میں 24 گھنٹے کام کر رہا، سپریم کمانڈ پوسٹ کے قیام کا مقصد محرم الحرام کی سکیورٹی کے لئے متعلقہ اداروں کے درمیان موثر کوآرڈینیشن، مانیٹرنگ اور بروقت رسپانس کو یقینی بنانا ہے، سپریم کمانڈ پوسٹ میں پولیس، ریسکیو، پاک فوج، انٹیلیجنس اداروں سمیت دیگر تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کے کا عملہ ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔سپریم کمانڈ پوسٹ کے علاوہ صوبائی دارالحکومت پشاور میں 5 سب کمانڈ پوسٹ بھی قائم کئے گئے ہیں، صوبائی دارالحکومت پشاور میں محرم الحرام کے کل 116 جلوس اور 316 مجالس منعقد ہونگے، جلوس اور مجالس کے مقامات پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔محرم کے تمام جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں اور ڈرون کیمروں کے ذریعے لائیو مانیٹرنگ کی جارہی ہے، جلوس اور مجالس والے مقامات پر صفائی ستھرائی اور بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی گئی ہے، جلوس کے آس پاس والے علاقوں میں خصوصی ٹریفک پلانز ترتیب دئے گئے ہیں، محرم الحرام کے دنوں میں دفعہ 144 کے تک ڈبل سواری پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرکے عملے کی چھٹیاں منسوخ کی گئی ہیں، اسی طرح ریسکیو اور ٹی ایم ایے عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کی گئی ہیں، مسلکی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لئے تمام مکاتب فکر کے نمائندہ علماء بھی سپریم کمانڈ پوسٹ میں موجود ہیں، صوبائی دارالحکومت پشاور میں محرم کی سکیورٹی کے لئے 1180 سکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں، صوبائی دارالحکومت پشاور کے علاؤہ دیگر اضلاع میں بھی محرم الحرام کے لئے اسی طرح کے انتظامات کئے گئے ہیں، محرم الحرام کے لئے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کا موثر نظام قائم ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے کوئیک رسپانس کا مؤثر میکنزم قائم ہے۔وزیر اعلیٰ نے محرم الحرام اور خصوصی طور پر عاشورہ کے لئے سکیورٹی اور دیگر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اورمتعلقہ حکام کو 10 محرم الحرام کے جلوسوں کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلٰی نےسپریم کمانڈ پوسٹ سمیت دیگر کنٹرول رومز میں محرم الحرام کی ڈیوٹیاں سرانجام دینے والے تمام اداروں کے اہلکاروں کے لئے 10، 10 ہزار روپے اعزازیوں کا اعلان کیا ۔ وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے سپریم کمانڈ پوسٹ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، صوبہ بھر میں محرم الحرام کے 10 ہزار مجالس اور ایک ہزار جلوس منعقد ہونگے، ان جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کے لئے 36 ہزار سکیورٹی اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہسپتالوں، ریسکیو اور ٹی ایم ایز میں ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے، ان تمام مجالس اور جلوس کی موثر مانیٹرنگ کے لئے کنٹرول رومز قائم کئے گئے ہیں۔ امید ہے محرم کے تمام جلوسوں اور مجالس پر امن انداز میں اپنے اختتام کو پہنچیں گے، ہم سب پر لازم ہے کہ محرم الحرام عقیدت اور احترام کے ساتھ منائیں، کربلا کا واقعہ ہمیں صبر اور حق و سچ کے ساتھ کھڑے ہونے کا درس دیتا ہے۔کربلا میں شہید ہونے والے عظیم ہستیوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا یہ بہترین طریقہ ہے کہ ہم حق کے ساتھ کھڑے ہوں، عوام خصوصا علمائے کرام محرم الحرام کے دوراں بین المسلکی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ محرم الحرام کے دوراں فرائض انجام دینے والے تمام اداروں کے اہلکاروں کو سلام پیش کرتا ہوں۔






