میونسپل کارپوریشن استامحمد کے مئیر میر مظفر خان جمالی کا ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ

استامحمد(بلدیات ٹائمز)میونسپل کارپوریشن استامحمد کے مئیر میر مظفر خان جمالی نے کہا ہے کہ عوامی مفاد میں ترقیاتی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں ٹف ٹائلز کے منصوبے کونسلران کی تجویز کردہ فنڈز سے مکمل کیے جا رہے ہیں، ہم بلا رنگ و نسل عوام کی خدمت کو اپنا نصب العین سمجھتے ہیں، مقامی سطح پر میونسپل کارپوریشن کے ترقیاتی فنڈز سے لوگ بھرپور استفادہ حاصل کر رہے ہیں، جن کونسلران نے اپنی وارڈز کے لیے ترقیاتی سکیمیں تجویز کی تھیں انہی کی سفارشات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترقیاتی امور جاری ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاری ترقیاتی کاموں کے معائنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر منظور احمد زہری، اسسٹنٹ انجینیئر محمد ایاز ترین، اور اسد جمالی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ میر مظفر خان جمالی نے انجینیئرز کو ہدایت کی کہ وہ معیاری ٹف ٹائلز ہی استعمال کریں، غیر معیاری ٹف ٹائلز کسی صورت قبول نہیں کی جائیں گی، منصوبوں کو معیار کے مطابق مکمل کرنے اور ان کی جانچ پڑتال کے عمل میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ عوام کو بہتر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور جاری ترقیاتی منصوبے عوامی توقعات پر پورا اتریں۔

جواب دیں

Back to top button