*صوبائی سیکریٹری مواصلات و تعمیرات عامہ گلگت بلتستان،سبطین احمد کا سلطان آباد میں واقع آر سی سی پل کے متاثرہ حفاظتی بند کا دورہ*

سلطان آباد: صوبائی سیکریٹری مواصلات و تعمیرات عامہ، سبطین احمد نے سلطان آباد کے آر سی سی پل کے متاثرہ حفاظتی بند کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ محکمہ کے اعلیٰ افسران اور متعلقہ کنٹریکٹرز بھی موجود تھے۔دورے کا مقصد حالیہ سیلابی صورت حال کے دوران پل کے اطراف میں متاثر ہونے والے حفاظتی بند کی مرمت کے کام کا جائزہ لینا اور ترقیاتی کام کی رفتار کا معائنہ کرنا تھا۔ صوبائی سیکریٹری برائے محکمہ مواصلات و تعمیرات عامہ سبطین احمد نے موقع پر جاری کام کا تفصیلی جائزہ لیا اور افسران کو ہدایت کی کہ کام میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ بند نہ صرف پل کی حفاظت کے لیے اہم ہے بلکہ مقامی آبادی کی سلامتی کے لیے بھی انتہائی ناگزیر ہے۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ مرمت اور تعمیر کا کام بین الاقوامی معیار کے مطابق مکمل کیا جائے اور حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ مستقبل میں کسی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔سیکریٹری نے مقامی لوگوں سے بھی ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور تمام ضروری وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔دورے کے اختتام پر سیکریٹری سبطین احمد نے کام کی نگرانی کے لیے ایک خصوصی مانیٹرنگ ٹیم بنانے کا اعلان کیا، جو روزانہ کی بنیاد پر پیش رفت رپورٹ کرے گی۔

جواب دیں

Back to top button