محکمہ سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ و عجائب گھر خیبرپختونخوا نے صوبے میں موسمیاتی ہنگامی صورتحال کے پیش نظر "فلڈ ایمرجنسی ریسپانس یونٹ” (ERU) قائم کر دیا۔ جس کا بنیادی مقصد سیاحتی مقامات اور بالائی علاقوں میں ممکنہ سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے دوران فوری ریسکیو اور راحت و بہبود کے اقدامات کو یقینی بنانا ہے۔ سنٹرل کنٹرول روم پشاور کے علاوہ ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژنز میں ریجنل کنٹرول رومز قائم کیے گئے ہیں۔

سیاحوں اور مقامی افراد کو ایمرجنسی صورت میں 1422 نمبر پر رابطہ کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ تمام متعلقہ اضلاع میں فوکل پرسن بھی مقرر کیے گئے ہیں جو ہنگامی صورتحال میں رابطہ کاری کو یقینی بنائیں گے۔ اس سلسلے میں محکمے کے تمام متعلقہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور فوری ڈیوٹی پر طلب کر لیا ہے۔ سیاحتی مقامات پر سیاحتی پولیس اور ہیلپ لائن سروسز مکمل طور پر فعال ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 21 جولائی سے 25 جولائی تک صوبے کے بالائی علاقوں میں بارشوں اور تیز ہواؤں کی ایک نئی لہر متوقع ہے جس کے پیشِ نظر تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔سیکرٹری سیاحت خیبرپختونخوا ڈاکٹر عبدالصمد کا اس موقع پر کہناہے کہ حکومتی ہدایت پر تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ ہماری ٹیمیں 24 گھنٹے متحرک ہیں اور سیاحوں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال میں معلومات اور حکومتی امداد کیلئے متحرک ہیں۔ سیاحوں سے گزارش ہے کہ غیریقینی موسمی حالات میں دریاؤں اور برساتی نالوں کے قریب چہل قدمی اور ویڈیو و فوٹوگرافی سے گریز کریں جبکہ ایمرجنسی کی صورت میں خیبرپختونخوا سیاحتی ہیلپ لائن 1422 پر کسی بھی وقت رابطہ کر سکتے ہیں۔ محکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے اعلامیہ کے مطابق مرکزی کنٹرول روم کیلئے رابطہ نمبر 03339317525، دیر اپر کیلئے 03009178604، ایبٹ آباد کیلئے 03480424979، مانسہرہ کیلئے 03339441610، سوات کیلئے 03133317555 اور چترال کیلئے 03429436630 نمبرات پر رابطہ کرسکتے ہیں۔






