بارش کے بعد ڈی سی لاہور فیلڈ میں متحرک، شہر میں نکاسی آب کا موثر نظام،چوبرجی میں واسا کے نکاسی آپریشن کا براہ راست معائنہ

ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ نے مون سون کی بارشوں سے نمٹنے کیلئے ایک جامع حکمت عملی اپنائی ہے جس کے تحت فیلڈ آپریشن کو تیز رفتاری سے انجام دیا جا رہا ہے۔ بارش کے بعد ڈپٹی کمشنر نے فوری طور پر چوبرجی کا دورہ کرتے ہوئے واسا کے نکاسی آپریشن کا براہ راست معائنہ کیا۔ ضلعی انتظامیہ اور واسا کا عملہ مشینری سمیت فیلڈ میں مکمل طور پر متحرک ہے اور نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ واسا اور دیگر محکمے مکمل الرٹ رہیں اور ہم آہنگی سے کام کریں۔ پانی جمع ہونے والے مقامات کی مستقل بنیادوں پر نشاندہی اور حل کو اولین ترجیح قرار دیا گیا ہے۔ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے اہم احتیاطی ہدایات جاری کی ہیں۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بجلی کے کھمبوں اور لٹکتی تاروں سے دور رہیں، اور پانی میں گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں احتیاط سے چلائیں۔ سید موسیٰ رضا نے کہا کہ شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا ہو اس کے لیے انتظامیہ پوری طرح الرٹ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ کی بروقت کارروائی سے شہریوں کو فوری ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایا کہ موثر نکاسی آب کے نظام کے ذریعے شہر کو جلد سے جلد معمول پر لانے کی کوششیں جاری ہیں۔

جواب دیں

Back to top button