نااہل یونین کونسلز کے سیکرٹریز کی وجہ سے پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری پروگرام ناکامی سے دوچار،ڈی جی ایل جی سی ڈی کی لاہور میں سست روی پر افسران کی سرزنش،چھٹیاں منسوخ

پنجاب کے نااہل یونین کونسلز کے سیکرٹریز کی وجہ سے پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری پروگرام ناکامی سے دوچار ہے۔محکمہ بلدیات پنجاب نے مستحق افراد کی رجسٹریشن کے عمل میں تاخیر اور سست روی کے پیش نظر یونین کونسلز کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں۔اس سلسلہ میں ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی جانب جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یونین کونسلز کے دفاتر اتوار اور سرکاری تعطیلات کے دوران بھی کھلے رہیں گے۔پنجاب میں مستحق اور غریب عوام کو حکومتی ریلیف کے پیکجز تک سو فیصد رسائی کے لئے یونین کونسلز کی سطح پر پی ایس ای آر کے تحت رجسٹریشن 15 فروری تک مکمل کرنے کا ٹاسک ہے۔جس کے لئے مساجد میں اعلانات، روزانہ یونین کونسلز کو 50 افراد کی رجسٹریشن کو ہدف دیا گیا ہے جبکہ لاہور میں صورتحال تشویشناک ہے جہاں رجسٹریشن کا عمل سست روی کا شکار ہے۔یونین کونسلز کے سیکریٹریز اور انٹرنیز میں کوآرڈینیشن اور تجربہ کا فقدان ہے۔بیشتر یونین کونسلز میں نہ سہولیات ہیں نہ ہی عملہ تربیت یافتہ ہے۔ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ نے لاہور کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کے دوران ڈپٹی ڈائریکٹر ایل جی اینڈ سی ڈی عمر بشیر کی سرزنش بھی کی۔اور پنجاب سوشیو اکنامک رجسٹری پروگرام کے تحت رجسٹریشن کے عمل میں لاہور کی انتہائی خراب کارکردگی پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ڈی جی لوکل گورنمنٹ کی طرف سے وارننگ دی گئی ہے کہ ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز سمیت یونین کونسلز کے عملہ کے خلاف کارروائی ہوگی جو مطلوبہ اہداف پورے نہیں کریں گے۔واضع رہے کہ صرف اس پروگرام کے تحت رجسٹرڈ شہری ہی حکومتی ریلیف پیکجز بالخصوص رمضان المبارک میں امدادی سامان اور راشن کے اہل ہونگے۔

جواب دیں

Back to top button