ڈپٹی کمشنر عمران علی کی زیر صدارت عرس حضرت بابا بلھے شاہؒ کے انتظامات کے حوالے سے جائزہ اجلاس،عرس 22اگست سے شروع ہوکر 24اگست تک جاری رہے گا

ڈپٹی کمشنر قصورعمران علی کی زیر صدارت تین روزہ268ویں سالانہ عرس حضرت بابا بلھے شاہؒؒ کی تقریبات کے انتظامات کا جائزہ لینے کے حوالے سے اجلاس گزشتہ روز ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سلمون ایوب، ڈپٹی ڈائریکٹر انفارمیشن تابندہ سلیم، حاجی صفدر انصاری، چیئر مین و ممبران مزار حضرت بابا بلھے شاہ امور مذہبیہ کمیٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز فوڈ اتھارٹی، منیجر اوقاف‘ ڈی ایس پی سٹی، ڈی ایس پی ٹریفک، ڈی او سول ڈیفنس،ایس ڈی او واپڈا، سی او میونسپل کمیٹی اوردیگر نے شرکت8 کی۔ اجلاس میں عرس حضرت بابا بلھے شاہؒ ؒ کی تقریبات،سیکورٹی و دیگر انتظامات کا حتمی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ حضرت بابا بلھے شاہ رحمۃ اللہ علیہ کے سالانہ عرس مبارک کی تقریبات 22اگست تا 24اگست 2025تک منعقد ہو رہی ہیں اور اس حوالے سے تمام محکمہ جات کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ تقریبات کا آغاز22اگست صبح 10بجے بروز جمعۃ المبارک مزار شریف کو عرق گلاب سے غسل دے کر کیا جائے گا ۔ افتتاح عرس وچادر پوشی 4بجے کی جائے گی ۔ محفل مشاعرہ بعدازنمازِ عشاء جبکہ محفل میلادﷺ راست 10:30بجے منعقد ہوگی ۔قرآن خوانی 23اگست 2025ء کو بعداز نمازِ فجر ہوگی۔ بعدازاں 10بجے دن طلباء کے درمیان تقریری مقابلے کا اہتمام ہوگا۔ محفل سماع کاانعقاد بعدازنمازِ عشاء کیاجائے گا۔ 24اگست 2025ء بعداز نماز فجر قرآن خوانی کا اہتمام ہوگا۔ علماء اکرام کی تقاریر بعدازنمازِ ظہر ترتیب دی گئی ہیں جبکہ محفل سماع اور اختتامی دعا ئی تقریب بعداز نماز عشاء ہوگی۔ ڈی سی عمران علی نے پولیس، میونسپل کارپوریشن، واپڈا‘ہیلتھ، اوقاف، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ عرس مبارک کے موقع پر اپنی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے سرانجام دیں۔انہوں نے چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ دربار کے ارد گرد کے علاقوں‘سٹرکوں ‘دربار سے ملحقہ قبرستان اور دیگر جگہوں پر زائرین کی سہولت کیلئے لائٹس کا مناسب انتظام کریں اور عرس مبارک کے موقع پر صفائی ستھرائی کیلئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ زائرین کی سہولت کیلئے دوسہرا گراؤنڈ سمیت شہر کے تین مقامات پر پارکنگ اسٹینڈڈ ز قائم کئے جائینگے۔ عرس مبارک کے تمام تر انتظامات سے ہر وقت آگاہی رکھنے کیلئے سینٹرل کنٹرول روم قائم کیا جائیگا جہاں جدید سی سی ٹی وی کیمروں کی مد د سے مانیٹرنگ کی جائیگی۔ زائرین کی سہولت کیلئے مزرا کے احاطہ میں محکمہ ہیلتھ، سول ڈیفنس، پولیس، فوڈ اتھارٹی، واپڈا سمیت دیگر محکموں کے کیمپ لگائے جائینگے۔ عرس مبارک کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائینگے اور آنیوالے زائرین کو تمام سہولیات دی جائینگی اور شہر میں ٹریفک کی روانی کو ہر صورت پر بحال رکھا جائے گا۔

جواب دیں

Back to top button