لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے ہڈیارہ ڈرین کی صفائی کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن جاری ہے۔ نالے سے ملحقہ ایریاز میں شہری و صنعتی علاقہ مکینوں کو درپیش نکاسی آب اور ویسٹ کلیئرنس کے مسائل کے حل کے لیے 160 سے زائد اضافی ورکرز اور ہیوی مشینری تعینات کی گئی۔

ایل ڈبلیو ایم سی کے ورکرز نے مونوفیکٹری، گجومتہ، راجپوت فارم ہاؤس، سٹاپ نمبر 47 اور بھوبتیاں چوک پر ڈرین میں موجود ویسٹ کی کلیئرنس یقینی بنائی۔واسا آفس، پی ایس او پمپ اور ٹرک اڈا کے اطراف بھی ڈی سلٹنگ کے اقدامات جاری ہیں۔مزید برآں ایل ڈبلیو ایم سی انفورنسمنٹ ٹیم نے رہائشیوں اور فیکٹری ملازمین کو غیر قانونی ڈمپنگ اور قانونی کاروائی کے بارے میں آگاہی دی اور نالوں میں کوڑا پھینکنے کے نقصانات سے آگاہ کیا۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی بابر صاحب دین کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ ستھرا پنجاب مہم کے تحت لاہور کے تمام بڑے نالوں کو زیرو ویسٹ کرنے کا ہدف ہے تاکہ نکاسی آب کے نظام کو مکمل طور پر فعال رکھا جا سکے۔گلیوں، محلوں اور شاہراؤں کے ساتھ ساتھ نالوں کی صفائی پر بھی عملہ تعینات ہے۔شہریوں سے گزارش ہےکہ ایل ڈبلیو ایم سی کے ساتھ تعاون کریں، اور کوڑا کرکٹ نالوں، کھلے پلاٹوں یا سڑکوں پر پھینکنے کے بجائے کوڑا دان میں ڈالیں۔ صفائی سے متعلق شکایت کے ازالے کے لیے ایل ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139 پر رابطہ کریں یا سوشل میڈیا کا استعمال کریں۔






