ڈیپارٹمنٹ آف ہائیر، ٹیکنیکل اینڈ اسپیشل ایجوکیشن، گلگت بلتستان کے زیرِ انتظام گلگت بلتستان کے گورنمنٹ کالجز کی مجموعی کارکردگی اور معیار کو جِلا بخشنے کے لیے سیکریٹری ہائیر، ٹیکنیکل اینڈ اسپیشل ایجوکیشن جی بی کی خصوصی ہدایت پر نیو سِول سکریٹریٹ، جوٹیال گلگت کے کانفرنس ہال میں ایک بار آور "پرنسپلز کانفرنس” کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ جس کی صدارت سیکریٹری فرید احمد نے کی۔ کانفرنس میں گلگت بلتستان کے تمام اضلاع کے کالجز کے پرنسپلز نے شرکت کی۔ اِس اہم سرگرمی کا مقصد تمام کالجز کی کارکردگی کا عمیق جائزہ لینا اور ہمہ جہتی انداز میں کالجز کی کارکردگی اور معیار کو پروان چڑھانے کے لیے ٹھوس اور عملی اقدامات کے لیے راہ ہموار کرنا تھا۔کانفرنس کے ابتدائی حصّے میں سیکریٹری نے کانفرنس کے مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے اکیڈمک سال میں تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے ہم نے پرنسپلز کو جو اہداف دیئے تھے اِس کانفرنس میں اُن اہداف کا جائزہ لیا جائے گا، نئے اہداف دیئے جائیں گے پھر اُن کا بھی جائزہ لیا جائے گا اور یوں کالجز کے مسائل کو حل کرنے اور طلبہ کو بہترین انداز میں زیورِ تعلیم سے آراستہ کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس اہم کانفرنس میں جن اقدامات، کامیابیوں اور اہداف کا جائزہ لیا گیا اُن میں نظم و ضبط، KPIs, زیرو پریڈ، ماہانہ ٹیسٹ، پری بورڈ ایگزامCMCs ،PTSM ، Centralized Annual Academic Planner، وقت پر داخلے، زیادہ تعداد میں داخلے کے لیے کمپین، جدید ترین کمپیوٹرز کی فراہمی، کُتب خانوں کے لیے جدید اور اعلیٰ ترین کتابوں کی فراہمی، تین نئے کالجز کا اجراء، حُسین آباد سکردو میں ہائیر سیکنڈری سکول کو گرلز ڈگری کالج میں تبدیل کرنے کے بعد کلاسسز کا آغاز، ایجوکیشن فیلوز کی تعیناتی، پوسٹنگ ٹرانسفر پالیسی کی تشکیل، اینڈومنٹ پالیسی کی تشکیل، پرائیویٹ فنڈز کے منصفانہ اور شفاف استعمال کے لیے SoP کا اجراء اور پروفیسرز کی ترقیاں وغیرہ شامل ہیں۔ پرنسپلز کی جانب سے چند مسائل کی نشاندہی پر سیکریٹری نے کہا کہ ہم کالجز کے مسائل کے پائیدار حل کے لیے ہمہ وقت کمر بستہ ہیں اور اِس سلسلے میں حکومتِ گلگت بلتستان، چیف سیکریٹری اور ایڈیشنل چیف سیکریٹری (ڈویلپمنٹ) ہماری بھر پور مدد فرما رہے ہیں۔ ضرورت اِس امر کی ہے کہ کالجز کے پرنسپلز، فیکلٹی ممبرز اور اسٹاف مذید ایمانداری، دیانتداری اور جانفشانی سے اپنے فرائضِ منصبی انجام دیں۔
کانفرنس میں ڈپٹی سیکریٹری (ایڈمن/ہائیر ایجوکیشن) شمس الدین نے ادارے کے حوالے سے تفصیلی پریزینٹیشن دی اور اہم اقدامات، منصوبوں، کامیابیوں، مسائل اور مستقبل کا لائحہ عمل بیان کیا۔ اُن کی بریفننگ کے بعد ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن (کالجز) گلگت بلتستان پروفیسر محمد عالم نے ڈائریکٹوریٹ آف ہائیر ایجوکیشن اور کالجز سے متعلق اہم بریفننگ دی۔ کانفرنس میں شریک پرنسپلز نے اپنے اپنے کالجز کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی، مسائل اور کاکردگی بیان کی اور میعار کو تقویت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔سیکریٹری فرید احمد نے جن لیکچررز اور پروفیسرز کے طلبہ کی سالانہ امتحان 2023/24 میں اعلیٰ کارکردگی تھی اُن کے لیے تعریفی سند، اور جن لیکچررز اور پروفیسرز کی کارکردگی نہایت خراب تھی اُن کو عدم اطمینان/تنبیہ کا لیٹر اُن کے متعلقہ پرنسپل کو دیئے اور کہا کہ اہم ہدایات کے ساتھ یہ اسناد اور لیٹرز متعلقہ فیکلٹی ممبرز کو دیئے جائیں۔ واضح رہے کہ اِس اقدام کے ذریعے گلگت بلتستان کے کالجز کی تاریخ میں پہلی مرتبہ جزا اور سزا کے نظام کو باقاعدہ طور پر متعارف کروایا گیا ہے۔






