بلدیہ عظمیٰ کراچی کی کونسل نے آئندہ مالی سال 2024-25 کے لئے49,602.138ملین روپے کا میزانیہ کثرت رائے سے منظور کرلیا،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے پیر کو میزانیہ منظوری کیلئے کے ایم سی کونسل میں پیش کیا، بجٹ میں 99.707ملین روپے بچت دکھائی گئی ہے اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، میونسپل کمشنر ایس ایم افضل زیدی بھی موجود تھے۔

اجلاس میں جماعت اسلامی کے ممبران نے بجٹ کی مخالفت کی اور اسے مسترد کرتے ہوئے کونسل کے اجلاس میں نعرے بازی بھی کی۔تاہم ایک ہی اجلاس میں بجٹ پیش اور منظور بھی کروا لیا گیا۔بڑی تعداد میں ممبران کو بجٹ پر بحث موقع نہ مل سکا۔بجٹ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس میں میئرکراچی مرتضٰی وہاب نے جماعت اسلامی کے رویے پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندوں اور سربرہان سے مکمل تعاون کرتے ہیں انھیں کبھی نظر انداز نہیں کیا۔بجٹ اجلاس میں جماعت اسلامی کے ممبران کی ہنگامی آرائی پر افسوس ہوا تاہم دیگر تمام جماعتوں کا رویہ مثبت رہا۔






