*سیلاب ایک قدرتی آفت ہے، حکومت بحالی کے کاموں میں وارفوٹنگ پر مصروف ہے،وزیر داخلہ شمس الحق لون کا اسمبلی اجلاس سے خطاب*

صوبائی وزیر داخلہ، شمس الحق لون نے اسمبلی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں حالیہ سیلاب ایک قدرتی آفت ہے، جس کے باعث اب تک 41 قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ حکومت مرحومین کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور زخمیوں کی فوری امداد اور علاج کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان نے وارفوٹنگ بنیادوں پر متاثرہ علاقوں میں بحالی کے کاموں کا آغاز کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ اور پوری کابینہ بحالی کے کاموں میں بھرپور انداز میں شریک ہے، اور اپوزیشن اراکین کے حلقوں میں بھی خصوصی دورے کیے جا چکے ہیں۔وزیر داخلہ نے وزیر اعظم پاکستان کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے گلگت بلتستان کا دورہ کیا اور فوری طور پر 4 ارب روپے کا خصوصی پیکیج فراہم کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوامی مسائل کے حل اور عوامی مفاد میں ہرممکن اقدامات کر رہی ہے، جن میں پینے کے صاف پانی، واٹر سپلائی اور دیگر بنیادی سہولیات کی بحالی شامل ہیں۔سیلاب کے بعد حکومت نے پاک آرمی اور دیگر امدادی اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے انسانی جانیں بچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی (KIU) کے مسائل کے حل کے لیے بھی سنجیدہ اقدامات کیے جائیں گے۔سوست دھرنے کے حوالے سے وزیر داخلہ نے کہا کہ امن و امان کا قیام حکومت کی ذمہ داری ہے اور ہم اس ذمہ داری کو بخوبی نبھا رہے ہیں۔ تاجر برادری حکومت سے رابطے میں ہے اور قانونی تجارت کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سوست انٹرنیشنل پورٹ ایک قومی اثاثہ ہے، جس پر چند عناصر نے ناجائز قبضہ جما رکھا ہے۔ حکومت اس معاملے پر پوری طرح آن بورڈ ہے اور قانونی مطالبات پر عملدرآمد کیا جائے گا، تاہم غیر قانونی تجارت اور غیر قانونی کنٹینرز کی کلیئرنس کسی صورت قبول نہیں کی جائے گی۔وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ ریاست مخالف بیانیہ کسی صورت قابل قبول نہیں، اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کی بھول ہے کہ وہ کامیاب ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ کچھ مفاد پرست عناصر بڑے تاجر بننے کی آڑ میں چھوٹے تاجروں کو گمراہ کر رہے ہیں، لیکن حکومت صورتحال سے مکمل طور پر آگاہ ہے اور علاقے کے مفاد میں فیصلے کرے گی۔صوبائی وزیر داخلہ شمس الحق لون نے یقین دہانی کرائی کہ گلگت بلتستان کی حکومت عوامی فلاح، ترقی، اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، اور کسی کو بھی عوامی مفادات کے خلاف کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

جواب دیں

Back to top button