کمشنر لاہور مریم خان نے سیلاب متاثرین کی امدادی سرگرمیاں جائزہ کے لئے ضلع ننکانہ صاحب کے مختلف علاقوں و متاثرہ آبادیوں کا دورہ کیا۔ کمشنر لاہور نے بچوکی پار، نواں کوٹ اور ہیڑے فلڈ ریلیف کیمپس اور علاقوں کا دورہ کیا۔ کمشنر لاہور نے ریسکیو کشتی کے ذریعے سیلاب میں گھری آبادیوں اور موضع جات میں جاکر امدادی سرگرمیوں، کھانا اور ادویات فراہمی کا جائزہ لیا۔ کمشنر لاہور نے ریسکیو بوٹ میں بچوکی پار، ڈھاری گجراں، ڈھاری گورایہ و دیگر آبادیوں میں جاکر لوگوں سے ملاقات کی اور افراد میں راشن اور ونڈہ تقسیم کیا۔اس موقع پر ڈی سی ننکانہ اور پاک فوج افسران نے سیلابی صورتحال، امدادی سرگرمیوں بارے بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ روزانہ 06 ہزار سیلاب متاثرین کو تینوں وقت تیار کھانا فراہم کر رہی ہے، جبکہ سیلاب متاثرین کے جانوروں کے لیے 6208 ونڈے کے بیگز بھی تقسیم کر چکی ہے۔

کمشنر لاہور مریم خان نے کہا ہے کہ سیلابی پانی سے ننکانہ صاحب کی دریائی حدود میں 121 دیہات کے 36 ہزار سے زاٸد افراد متاثر ہوٸے ہیں جبکہ سیلاب نے 40 ہزار ایکڑ سے زاٸد رقبے پر کاشت فصلوں کو نقصان پہنچایا۔ کمشنرلاہور نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 09 مقامات پر اور محکمہ صحت نے سیلابی ایریاز میں 30 مقامات پر میڈیکل کمیپ لگاٸے ہیں، 9 ہزار سے زاٸد سیلاب زدگان کو طبی سہولیات، 19ویٹرنری کیمپس پر 51 ہزار 2 سو سے زاٸد جانوروں کا علاج کیا گیا۔ کمشنر لاہور نے کہا کہ ریسکیو آپریشن کے دوران اب تک 11 ہزار سے زاٸد افراد کو اور 20 ہزار سے زاٸد جانوروں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔کمشنر لاہور نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر سیلاب زدگان کو بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں، سیلاب متاثرین کے جان و مال کا تحفظ اور بحالی اولین ترجیح ہے۔






