وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر سیلاب اور ہنگامی صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے واسا پنجاب فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترجمان محکمہ ہاؤسنگ کے مطابق اس حوالے سے ایک اہم اجلاس سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل کی زیر صدارت منعقد ہوا،

جس میں ماہر اور تجربہ کار افسران پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ترجمان کے مطابق واسا پنجاب فورس میں تجربہ کار عملے پر مشتمل ایک خصوصی ٹاسک فورس بھی قائم کی جائے گی، جسے فیلڈ آپریشنز کے لیے جدید مشینری مہیا کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ہنگامی حالات کے دوران موجودہ مشینری کے لیے ایمرجنسی موبلائزیشن پلان بھی تیار کیا جائے گا تاکہ فوری اقدامات کو یقینی بنایا جا سکے۔ترجمان کے مطابق ڈویلپمنٹ اتھارٹیز اور ہارٹیکلچر ایجنسیوں کے وسائل کو بھی بروئے کار لایا جائے گا تاکہ ہنگامی صورتحال میں جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات کیے جا سکیں۔ ترجمان نے کہا کہ واسا پنجاب فورس کی تشکیل سے سیلاب زدہ علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کو بروقت اور مؤثر سپورٹ فراہم ہو سکے گی۔






