*چوتھا آل پاکستان اسپیشل اسپورٹس فیسٹیول 2024 سکردو میں اختتام پذیر* *اختتامی تقریب میں گورنر گلگت بلتستان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی*

تین روزہ چوتھا آل پاکستان اسپیشل اسپورٹس فیسٹیول 2024 میونسپل اسٹیڈیم سکردو میں ایک پروقار تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا، تین روزہ ایونٹ میں پاکستان کے چاروں صوبوں سے مختلف صلاحیتوں کے حامل ایتھلیٹس نے شرکت کی۔

اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ تھے۔ وزیر تعلیم گلگت بلتستان غلام شہزاد آغا اور کمشنر بلتستان ڈویژن نجیب عالم نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ نے اپنے خطاب میں شرکا کو سکردو میں خوش آمدید کیا، ان کی کاوشوں کو سراہا اور منتظمین کو تقریب کی کامیابی سے میزبانی کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے اس طرح کے ایونٹس کی اہمیت پر زور دیا تاکہ خصو صی افراد کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے جیتنے والی ٹیموں کو بھی مبارکباد دی۔فیسٹیول کے دوران گورنر جی بی سید مہدی شاہ نے پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ اور مائل سٹون آرگنائزیشن کے صدر شفیق الرحمان کو ثقافتی ٹوپیاں پیش کیں۔

تقریب کے دوران ایک قابل ذکر لمحہ گورنر جی بی سید مہدی شاہ کو گوجرانوالہ کے "دی شائن ویلفیئر فاؤنڈیشن فار انکلوژن” سے تعلق رکھنے والے ایک خصوصی مصور کی طرف سے بنائی گئ خوبصورت پینٹنگ پیش کی گئی۔تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والے مختلف صلاحیتوں کے حامل افراد نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور مہارتوں کو اجاگر کرتے ہوئے اسٹال پر اپنے ہاتھ سے تیار کردہ دستکاری و فن پاروں کی نمائش کی۔

تین روزہ فیسٹیول میں کرکٹ میچز، ٹگ آف وار، بیڈمنٹن، وہیل چیئر پولو، وہیل چیئر ریس، بلائنڈ کرکٹ اور مختلف کھیلوں کی لائن اپ شامل تھے۔ تقریب میں گھانچے اور کھرمنگ کے تعلیمی اداروں کے خصوصی طالبات نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔

 

تقریب کے اختتام پر گورنر جی بی سید مہدی شاہ، وزیر تعلیم جی بی شہزاد آغا اور اے سی اسکردو نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے ساتھ ساتھ منتظمین کی کاوشوں اور کامیابیوں کا اعتراف کرتے ہوئے ٹرافیاں، انعامات اور شیلڈز تقسیم کیں۔

واضح رہے کہ اس میلے کا انعقاد قراقرم ڈس ایبلٹی فورم نے ضلعی انتظامیہ اسکردو اور اسپانسرنگ ایجنسیوں کے تعاون سے کیا تھا، جس میں کھیلوں کے ذریعے شمولیت اور بااختیار بنانے کے لیے اجتماعی عزم کا اظہار کیا گیا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button