"نوجوان ساتھیو، معزز مہمانانِ گرامی اور سمندر پار پاکستانیو! میرے لیے یہ بڑے اعزاز اور خوشی کی بات ہے کہ میں آج آپ کے سامنے موجود ہوں۔ آپ پاکستان کے وہ عظیم سفیر ہیں جو یورپ، برطانیہ، شمالی امریکہ اور مشرق وسطیٰ سمیت دنیا بھر میں دن رات محنت کرکے رزقِ حلال کماتے ہیں۔

میں دل سے اعتراف کرتا ہوں کہ آپ نے پچھلے سال اپنی محنت اور خون پسینے کی کمائی سے 38.5 ارب ڈالر پاکستان بھیجے، جو ملک کے لیے قیمتی سرمایہ ہے۔ جس پر آپ کو میں سلام پیش کرتا ہوں۔ آپ کی قدر سونے اور جواہرات سے بھی بڑھ کر ہے۔ معاشی اور سیاسی طور پر پاکستان کا دفاع کرنے پر میں آپ کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ دیارِ غیر میں آپ شبانہ روز محنت کرتے ہیں، چاہے ڈاکٹر ہوں، انجینئر ہوں، کاروباری ہوں یا مزدور۔ آپ نے دنیا بھر میں محنت، ایمانداری اور عظمت کے ساتھ پاکستانیوں کا وقار بلند کیا ہے۔”






