وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نئے تعینات ہونے والے ترکیے کے قونصل جنرل ارگُل کاداک، اور بنگلہ دیش کے نئے ڈپٹی ہائی کمشنر، محمد ثاقب صدا قت سے وزیرِاعلیٰ ہاؤس میں الگ الگ ملاقاتیں کیں۔وزیرِاعلیٰ نے دونوں سفارت کاروں کا خیرمقدم کرتے ہوئے سندھ حکومت کی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی اور برادر مسلم ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

ترکیے کے قونصل جنرل سے ملاقات کے دوران مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان اور ترکیے کے درمیان تاریخی تعلقات قائم ہیں اور ضرورت اس بات کی ہے کہ دو طرفہ تجارت کو مزید فروغ دیا جائے۔ انہوں نے قونصل جنرل کو سندھ میں جاری بڑے منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا جن میں سڑکوں، توانائی اور پانی کے شعبے شامل ہیں۔ وزیراعلیٰ نے انہیں کراچی میں عوامی ٹرانسپورٹ کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی جو اکیس ملین سے زائد آبادی کا شہر ہے۔ ترکیے کے قونصل جنرل نے کراچی کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے اسے ’’محبت کرنے والے لوگوں کا عظیم شہر‘‘ قرار دیا اور سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ طے پایا کہ سندھ کے سرمایہ کاری محکمے کا سربراہ ترکیے کے قونصل جنرل سے ممکنہ منصوبوں پر تفصیلی بات چیت کرے گا۔بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہائی کمشنر سے ملاقات میں وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور بنگلہ دیش برادر مسلم ممالک ہیں اور تجارتی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ دونوں فریقین نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بات چیت کی اور پاکستان میں حالیہ سیلاب کی صورتِ حال پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔وزیرِاعلیٰ نے ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ ترکیے اور بنگلہ دیش کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی منصوبوں میں تعاون کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔






