یورپی یونین، گلوبل واٹر آپریٹر پارٹنرشپ الائنس اور بڈاپسٹ واٹر ورکس کے اشتراک سے واسا لاہور کو خطے میں پانی کے شعبے میں بین الاقوامی ٹرینر کا درجہ دے دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ایک آن لائن اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔

اجلاس میں چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا (اسلام آباد واٹر)، ایم ڈی واسا لاہور غفران احمد، خالد رضا (واسا ملتان) اور عمران زمان (واسا مردان) شریک ہوئے۔ جبکہ سی او واٹر ورکس، یورپی یونین کے نمائندگان اور گلوبل واٹر آپریٹر پارٹنرشپ الائنس کے اعلیٰ حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ڈائریکٹر واسا لاہور مدثر جاوید نے شرکاء کو منصوبے کی تفصیلات پر جامع بریفنگ دی۔ واٹر آپریٹر پارٹنرشپ کپیسٹی بلڈنگ پروگرام کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے۔اس منصوبے کے تحت واسا لاہور بطور ٹرینر کام کریں گے، جبکہ اسلام آباد واٹر، واسا ملتان اور واسا مردان کو بطور ٹرینی شامل کیا جائے گا۔کپیسٹی بلڈنگ کے اس پروگرام میں آئی ٹی اصلاحات، کسٹمر سروسز، نان ریونیو واٹر (NRW) اور بلنگ کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔یورپی یونین اس منصوبے کے لیے 4 لاکھ ڈالر کی امداد فراہم کرے گا، جبکہ یہ پروگرام چار سالوں پر محیط ہوگا۔ اس دوران اسلام آباد، ملتان اور مردان کے افسران کو بین الاقوامی یوٹیلٹیز کے نظام کا عملی تجربہ حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔اس منصوبے کا بنیادی مقصد واسا لاہور کے کامیاب ماڈل کو دیگر شہروں تک منتقل کرنا ہے تاکہ عوام کو معیاری، شفاف اور جدید خدمات فراہم کی جا سکیں۔






