وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ لارنس کالج گھوڑا گلی مری نہ صرف ایک تعلیمی ادارہ ہے بلکہ ایک تاریخی اور علمی ورثہ بھی ہے، جس نے کئی دہائیوں سے ایسی شخصیات پیدا کی ہیں جنہوں نے ملک و قوم کی خدمت کو اپنا مشن بنایا۔ یہ ادارہ اپنے معیارِ تعلیم، تربیت اور کردار سازی کے باعث پاکستان کے تعلیمی نقشے پر ایک درخشاں مثال ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو لارنس کالج گھوڑا گلی مری کے فاؤنڈر ڈے کی مناسبت سے منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ انہیں اس مادرِ علمی سے وابستگی پر فخر ہے کیونکہ وہ خود بھی اسی ادارے کے فارغ التحصیل ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے جذباتی انداز میں بیکر سے مری تک کے سفر اور کالج میں گزارے گئے یادگار لمحات کو تازہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ نہ صرف ان کی علمی ترقی میں سنگِ میل ثابت ہوا بلکہ نظم و ضبط، قیادت اور قومی خدمت کے جذبے کو بھی پروان چڑھانے میں بنیادی کردار ادا کیا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ

لارنس کالج جیسے ادارے صرف نصابی تعلیم ہی نہیں دیتے بلکہ طلباء کی شخصیت اور کردار سازی میں بھی بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ یہی ادارے مستقبل کی قیادت تیار کرتے ہیں اور اپنی اقدار و روایات کے باعث منفرد شناخت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لارنس کالج کے فارغ التحصیل طلباء نے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے کر ادارے اور ملک کا نام روشن کیا ہے انہوں نے فاؤنڈر ڈے کی شاندار تقریب کے انعقاد پر کالج کی انتظامیہ اور اساتذہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ ایسے ادارے ہی پاکستان کی اصل طاقت ہیں جو قوم کے مستقبل کو سنوارتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے رائیٹ ہاؤس کو ونر ہاؤس بننے پر خصوصی مبارکباد بھی دی تقریب کے اختتام پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے امتیازی طلباء میں انعامات تقسیم کئے






