سیکرٹری بلدیات پنجاب شکیل احمد کی زیر صدارت بلڈنگ رولز کی تیاری کے سلسلے میں قائم کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بلڈنگ رولز کو جدید تقاضوں کے مطابق اور سرمایہ کاری دوست بنانے کے لیے مختلف تجاویز زیر غور آئیں۔اجلاس کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ایم یو، ام لیلیٰ نقوی نے شرکاء کو بلڈنگ رولز کے حوالے سے تفصیلی پریزنٹیشن دی۔

انہوں نے مجوزہ رولز میں انویسٹمنٹ فرینڈلی پالیسیوں اور قواعد میں یگانگت (Uniformity) برقرار رکھنے پر زور دیا۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ مختلف اداروں کی جانب سے الگ الگ قواعد کے بجائے ایک یکساں بورڈ کے ذریعے بلڈنگ رولز کو مرتب کیا جائے۔سیکرٹری بلدیات شکیل احمد نے چیئرمین آباد (ABAAD) کو ہدایت کی کہ بلڈنگ رولز کی تیاری سے متعلق اپنی سفارشات محکمہ بلدیات کو تحریری طور پر ارسال کی جائیں تاکہ تمام متعلقہ فریقین کی رائے کی روشنی میں حتمی مسودہ تیار کیا جا سکے۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ آسیہ گل، ڈائریکٹر جنرل پنجاب اسپیشل پلاننگ اتھارٹی، پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ایم یو، چیئرمین ریجنل پلاننگ یو ای ٹی، محکمہ ہاؤسنگ کے نمائندگان، چیئرمین آباد اور فیلڈ افسران نے شرکت کی۔سیکرٹری بلدیات نے اس موقع پر کہا کہ بلڈنگ رولز کی تیاری میں شفافیت، سہولت کاری اور بین الاقوامی معیار کو مدنظر رکھا جائے گا تاکہ صوبے میں تعمیراتی شعبے کو فروغ دیا جا سکے۔






