*چیف انجینئر جی ڈی اے کی سربراہی میں کونسلران کا پانی بحران سے متعلق جائزہ اجلاس*

ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان کی ہدایت پر چیف انجینئر جی ڈی اے حاجی سید محمد کی زیر صدارت گوادر میں پانی بحران کے حوالے سے ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں تحصیل میونسپل کمیٹی کے چیئرمین ماجد جوہر سمیت کونسلران نے شرکت کی۔ اجلاس میں شہر کے مختلف محلوں، وارڈز اور علاقوں میں پانی کی فراہمی اور سپلائی کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر چیف انجینئر نے بتایا کہ اس وقت گوادر کو تین مختلف ذرائع سے پانی فراہم کیا جا رہا ہے، جن میں شادی کور ڈیم، میرانی ڈیم سے بذریعہ واٹر ٹینکرز، اور جی پی اے واٹر ڈیسالینیشن پلانٹ شامل ہیں۔ ان ذرائع سے روزانہ مجموعی طور پر تقریباً 28 لاکھ گیلن پانی شہر کو فراہم کیا جا رہا ہے، جس کے باعث گوادر میں پانی کا بحران بڑی حد تک قابو میں آ چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ شہر کے اندر پانی کی ڈسٹریبیوشن لائنوں میں بعض تکنیکی مسائل درپیش ہیں، تاہم جی ڈی اے کی انجینئرنگ ٹیم، پی ایچ اے کا عملہ کونسلران کی تعاون سے ان پر تیزی سے قابو پا رہے ہیں اور ان شاءاللہ بہت جلد یہ مشکلات بھی مکمل طور پر دور کر لی جائیں گی۔

چیف انجینئر نے بتایا کہ جی ڈی اے نے “واٹر کرائسز مینجمنٹ سیل” فعال کر دیا ہے، جس کے تحت متعدد انجینئرز، ملازمین، مشینری اور ضروری وسائل اس کام کے لیے مختص کر دیے گئے ہیں۔ عملہ شب و روز ان علاقوں کی نشاندہی کر رہا ہے جہاں پانی کی سپلائی میں رکاوٹیں ہیں اور انہیں دور کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ نئے پائپ لائن نیٹ ورک پر ہاؤس کنکشنز کی تنصیب کا کام تیزی سے جاری ہے، جس کا آغاز ٹی ٹی سی کالونی سے کیا گیا ہے، جبکہ غیر قانونی کنکشنز کے خلاف کارروائی کو بھی مزید تیز کر دیا گیا ہے۔

اجلاس کے شرکاء نے مجموعی طور پر گوادر میں پانی کی صورتحال میں بتدریج بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ جی ڈی اے، پی ایچ ای، ضلعی انتظامیہ، جی پی اے اور عوامی نمائندے باہمی تعاون سے اس بحران کے مکمل خاتمے کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے، تاکہ شہریوں کو پائیدار، مستحکم اور مؤثر پانی فراہمی کا نظام میسر آ سکے۔

جواب دیں

Back to top button