پنجاب یونیورسٹی اور یو ای ٹی کے درمیان تحقیقی و اختراعی تعاون کے فروغ کے لیے معاہدہ

پنجاب یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کے درمیان علمی و تحقیقی سرگرمیوں کے ذریعے علم و اختراع کو فروغ دینے کا معاہدہ طے پاگیا۔ اس سلسلے میں مفاہمتی یاداشت پر دستخط کی تقریب وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد علی، وائس چانسلر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر، پرووائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود و دیگرنے شرکت کی۔معاہدے کے تحت دونوں ادارے اپنے اساتذہ، محققین اور طلبہ کی جانب سے تیار کردہ تحقیقی مصنوعات، ٹیکنالوجیز اور مواد کو باہمی اشتراک سے استعمال کرسکیں گے۔

یہ تعاون خالصتاً علمی و تحقیقی مقاصد اور وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے ہوگا، جس میں کوئی تجارتی پہلو شامل نہیں ہوگا۔معاہدے کے مطابق،جامعات مشترکہ طور پر نئی مصنوعات اور ٹیکنالوجیز کی تیاری، جانچ،اطلاق، تحقیقی سہولیات کے باہمی استعمال، علم و تکنیکی مہارت کے تبادلے اور تربیتی ورکشاپس کے انعقاد میں تعاون کریں گی۔ یہ معاہدہ پنجاب یونیورسٹی اور یو ای ٹی کے درمیان علمی و تحقیقی روابط کے استحکام، تحقیق کے معیار میں بہتری اور پاکستان میں سائنسی و تکنیکی ترقی کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔

جواب دیں

Back to top button