پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی کی سالانہ جنرل میٹنگ،چئیرمین بورڈ،پانچ نئے بورڈ اراکین اور تین نئے جنرل باڈی اراکین کے انتخاب سمیت اہم فیصلوں کی منظوری

پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی (پی ایم ڈی ایف سی)کی سالانہ جنرل میٹنگ کا انعقاد،عمادافتخار ملک، چئیرمین بورڈ نے اجلاس کی صدارت کی۔ میٹنگ میں جنرل باڈی میں موجود متعلقہ سرکاری محکموں اور سول سوسائٹی نمائندگان نے شرکت کی۔ تین نئے جنرل باڈی اراکین جسٹس (ر) اکبر علی قریشی، مظہر علی خان اورنبیل افتخار احمد کی منظوری دی گئی جبکہ پانچ نئے سول سوسائٹی بورڈ اراکین عماد افتخار ملک، سید کمال علی حیدر، قمرالزمان، علی طارق، اور ذیشان علی نورانی کو بھی منتخب کیا گیا اور عماد افتخار ملک کے بطور چئیرمین بورڈ انتخاب کا عمل بھی مکمل کیا گیا۔ان تمام اراکین کے مدت اگلے تین سال تک ہو گی۔

اظہرطاہر کمپنی سیکرٹری نے اجلاس کی کاروائی شروع کی اورچئیرمین و جنرل باڈی اراکین سے مختلف ایجنڈا آئٹمز بشمول سالانہ بجٹ، آڈیٹرز فرم کے تقرر سمیت دیگر کی منظوری لی۔

اس موقع پر عماد افتخار ملک چئیرمین بورڈ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو بہترین میونسپل سروسز کی فراہمی کے ذریعے ان کے معیار زندگی میں بہتری لانا ہمارا مشن ہے۔ اور اس مقصد کے حصول کے لئے پی ایم ڈی ایف سی بہت سے پراجیکٹس کامیابی سے مکمل کر چکی ہے جبکہ سیوریج اور واٹر سپلائی سمیت دیگر میونسپل سروسز کی فراہمی کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔اس موقع پرسید زاہد عزیز، ایم ڈی، (پی ایم ڈی ایف سی) نے شرکا کو کمپنی کی کارکردگی بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ پی ایم ڈی ایف سی کے تحت سیوریج اورواٹر سپلائی سمیت بلدیاتی خدمات کی فراہمی کے بہت سے منصوبے پنجاب کے سولہ شہروں میں کامیابی سے مکمل کئے جا چکے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کے وژن کے مطابق 52شہروں میں سیوریج، واٹر سپلائی اور الائیڈ انفراسٹرکچر کے منصوبوں کے پی سی ون کی تیاری اور منظوری کا عمل مکمل ہو چکا ہے جبکہ ورلڈ بنک کی فنڈنگ سے مزید 16شہروں کے لئے پروگرام پر کام جاری ہے۔زاہد عزیز نے اس موقع پر کمپنی کے مختلف ای گورننس اقدامات بارے میں بھی بتایا ان سسٹمز میں ویب سائٹ کے ساتھ ساتھ فنانشنل منیجمنٹ، گریونس ریڈریس،پرفارمنس منیجمنٹ سسٹمز شامل ہیں جن کے نفاذ سے ایم سیز کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

جواب دیں

Back to top button