پاک پی ڈبلیو ڈی کے اختیارات کی منتقلی کے لئے پلان فائنل،پاکستان انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کی راہ ہموار کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل

وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں وزارت ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے پاکستان پبلک ورکس ڈیپارٹمنٹ کو ختم کرنے کے لئے ٹرانزیشن پلان تیار کر لیا ہے۔ماضی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے وزیر اعظم کی خواہش کے مطابق پاکستان انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کے قیام کے لئے ورکنگ پیپر تیار کر لیا گیا ہے۔وفاق اور پنجاب میں سرکاری محکموں اور ان کے اختیارات ختم کر کے مزید کمپنیوں اور اتھارٹیز کی بنیاد رکھی جا رہی ہے جس کی وجہ ماضی میں بنائی گئی کمپنیوں اور اتھارٹیز کے حوالے سے شفاف انکوائری اور عدالتی کارروائی نہ ہونا ہے۔وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی طرف سے پاک پی ڈبلیو ڈی کو سمیٹنے کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی کو چھ ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ان میں ایک متبادل کمپنی کا قیام،اس کے قانونی فریم ورک کے مسودہ کی تیاری ،صوبائی نوعیت کے منصوبے محکمہ صوبائی سی اینڈ ڈبلیو اورصوبائی ہائی ویز اتھارٹیز کو دینے جن میں بلڈنگز اور سڑکوں کے منصوبے شامل ہیں۔وفاقی نوعیت کے فلائی اوور،انڈرپاسیز، بریج،وفاقی حکومت کی بلڈنگز وغیرہ کا کنٹرول این ایچ اے اورپی آئی ڈی سی کو دینا شامل ہے۔پاکستان انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ کمپنی کی راہ ہموار کرنے کے لئے خصوصی کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے جس کے چیئرمین ایڈیشنل سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس ہونگے دیگر ممبران میں سینئر جوائنٹ سیکرٹری ایڈمن،جوائنٹ سیکرٹری فنانس ڈویژن، جوائنٹ سیکرٹری قانون و انصاف ڈویژن اور جوائنٹ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ہیں۔پاک پی ڈبلیو ڈی کے اختیارات کی منتقلی کے لئے الگ انجینئرنگ سیل کے قیام کے لئے بھی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔جو ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن ہاؤسنگ اینڈ ورکس، ڈائریکٹر پی پی ڈبلیو،محمود عالم سپرنٹنڈنٹ انجینئر پاک پی ڈبلیو ڈی اور ایس او ایڈمن تھری ہاؤسنگ اینڈ ورکس ڈیپارٹمنٹ پر مشتمل ہے۔یہ فیصلے پاک پی ڈبلیو ڈی کو ختم کرنے کے لئے بنائی گئی کمیٹی کے تیسرے اجلاس میں کئے گئے ہیں۔واضع رہے کہ اس وقت سرکاری محکموں اور افسران کے اختیارات محدود اور ختم کر کے پنجاب میں بھی درجنوں نئی کمپنیوں اور اتھارٹیز کی بنیاد رکھی جا رہی ہے ۔

لاہور(بلدیات ٹائمزرپورٹ)

جواب دیں

Back to top button