وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیرِ صدارت رورل اکنامک ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ کااجلاس،منصوبے پر سست پیش رفت پراظہار برہمی

وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیرِ صدارت رورل اکنامک ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں منصوبے پر سست پیش رفت پر وزیرِاعلی نےاظہار برہمی کیا ۔ محمد سہیل آفریدی نے منصوبے کو فوری طور پر اسٹریم لائن کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ منصوبہ غریب عوام کی تقدیر بدل سکتا ہے، منصوبے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، تمام سرگرمیوں پر ٹائم لائنز اور پی سی ونز کے مطابق عمل درامد یقینی بنایا جائے۔منصوبے کے تحت عملے اور مستفیدین کی سلیکشن میں سو فیصد میرٹ یقینی بنایا جائے، عوام کے ایک ایک روپے کے شفاف استعمال کو یقینی بنائیں گے، منصوبہ صوبے کی معیشت کو استحکام دے گا اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا۔اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا رورل اکنامک ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ انٹرنیشنل فنڈ فار ایگریکلچر ڈویلپمنٹ کے تعاون سے جاری ہے، منصوبے کی کل لاگت 30 ارب روپے سے زائد، 58 فیصد فنڈنگ ایفاد کی جانب سے ہے، صوبائی حکومت کا 16 فیصد اور بنیفیشریز کا 26 فیصد حصہ شامل ہے۔ سات سالہ منصوبے سے 43 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گے، منصوبہ زرعی کاروبار، ہنرمندی کے فروغ، روزگار کے مواقع اور پالیسی سپورٹ جیسے شعبوں پر مرکوز ہے۔ ایگری بزنس جز کے تحت 550 پروفیشنل فارمر آرگنائزیشنز کا قیام شامل ہے، اسکلز ڈویلپمنٹ جز کے تحت 60 ہزار نوجوانوں کو تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے، اسکلز ڈویلپمنٹ جز کے تحت ابتک 20 ہزار نوجوانوں کو تربیت فراہم کی جا چکی ہے۔

جواب دیں

Back to top button